پاکستان کا یوم آزادی: مستونگ میں ریلی کے نزدیک بم دھماکہ، پولیس اہلکار سمیت تین افراد زخمی


پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے علاقے مستونگ میں یوم آزادی کی مناسبت سے نکالی گئی ریلی کی سکیورٹی پر تعینات دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد بم دھماکے میں زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ دھماکہ اُس وقت ہوا جب ریلی مستونگ سے کوئٹہ کی جانب بڑھ رہی تھی۔ پولیس اہلکار نے بتایا کہ نامعلوم افراد نے سڑک کے کنارے دھماکہ خیز مواد نصب کر رکھا تھا۔

جب ریلی کی سکیورٹی پر مامور ایس ایچ او مستونگ پولیس کی گاڑی پشکرم کے مقام پر پہنچی تو بم پھٹ گیا جس کے نتیجے میں ایس ایچ او خود تو محفوظ رہے تاہم دو پولیس اہلکاروں سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔

زخمی اہلکاروں کو علاج کے لیے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

کوئٹہ میں بم دھماکہ، دو پولیس اہلکار ہلاک

کوئٹہ کے لیاقت بازار میں دھماکہ، چار ہلاک

مستونگ پولیس کے ایک اہلکار نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ یہ ریلی بلوچستان میں حکمراں جماعت بلوچستان عوامی پارٹی کے زیر اہتمام کوئٹہ کی جانب جارہی تھی۔

اس ریلی کے شرکا نے کوئٹہ میں ہاکی چوک پر 14 اگست کی مناسبت سے ایک جلسے میں شرکت کرنی تھی۔ جلسے کا انعقاد بھی صوبائی حکومت نے کیا تھا۔

مستونگ کوئٹہ سے متصل ضلع ہے جس کا ہیڈکوارٹر کوئٹہ شہر سے اندازاً 45 کلو میٹر کے فاصلے پر جنوب میں واقع ہے۔

چار روز کے دوران اس علاقے میں یہ دوسرا دھماکہ تھا۔ اس سے قبل اسی علاقے میں کوئٹہ اور ایران کے درمیان ریلوے ٹریک کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔

بلوچستان میں حالات کی خرابی کے بعد سے اس علاقے میں بھی بدامنی کے واقعات پیش آرہے ہیں تاہم سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ پہلے کے مقابلے میں حالات میں بہتری آئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32506 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp