کشمیر کی صورتحال پر بی بی سی کی خصوصی نشریات


بی بی سی ورلڈ

انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں تازہ ترین صورت حال کے بارے میں اپنے سامعین کو قابل بھروسہ خبریں فراہم کرنے کے لیے بی بی سی اردو نے نشریات میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔

’نیم روز‘ کے نام سے ان خصوصی نشریات کا آغاز پیر 19 اگست سے کیا جا رہا ہے جس میں روزانہ 15 منٹ کا خصوصی ریڈیو پروگرام پیش کیا جائے گا۔

آپ نیم روز پیر تا جمعہ روزانہ سن سکیں گے جو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن 12 بجے جبکہ انڈیا کے معیاری وقت کے مطابق دن 12 بجکر 30 منٹ پر نشر کیا جائے گا۔

نیم روز آپ شارٹ ویو پر 15310 کلو ہرٹز اور 13650 کلو ہرٹز پر سن سکیں گے۔

https://twitter.com/grvlx001/status/1161978509109157889

بی بی سی کی نشریات میں اضافے کی تفصیل بتاتے ہوئے عالمی سروس کے ڈائریکٹر جنرل جیمی اینگس کا کہنا تھا کہ ‘عالمی سروس کا بنیادی مقصد دنیا کے ان مقامات کے لوگوں تک آزاد اور معتبر خبریں پہنچانا ہے جو تنازعات اور کشیدگی کا شکار ہیں۔

‘اس خطے میں ڈجیٹل اور ٹیلیفون سروس کی معطلی کے بعد، اپنی شارٹ ویو ریڈیو سروس میں اضافہ کر کے لوگوں کو خبریں فراہم کرنا ہمار ایک درست اقدام ہے۔’

ڈائریکٹر جنرل کا مزید کہنا تھا کہ ’انڈیا اور پاکستان میں ہمارے سامعین بی بی سی کی غیر جانبدارنہ آواز پر اعتماد کرتے ہیں اور ہمیں اس بات کا ادراک ہے کہ رواں برس جب بھی خطے میں کوئی تنازعہ ہوا، لوگوں نے ہماری خبروں کو سراہا ہے اور جب بھی کشیدگی میں اضافہ ہوتا ہے، اس خطے کے سامعین و قارئین بی بی سی کا رخ کرتے ہیں۔’

بی بی سی اردو کی ریڈیو نشریات میں اضافے کے علاوہ بی بی سی ہندی بھی جمعہ 16 اگست سے اپنے روزانہ کے نیوز بلیٹن میں 30 منٹ کا اضافہ کر رہی ہے۔ انڈیا کے مقامی وقت کے مطابق آپ یہ نشریات شام 7 بجکر 30 منٹ سے لیکر 8 بجکر 30 منٹ تک سن سکیں گے۔ بی بی سی ہندی کی نشریات آپ 9515 اور 11995 کلو ہرٹز پر سن سکیں گے۔

اس کے علاوہ بی بی سی عالمی سروس کی انگریزی زبان کی نشریات میں بھی اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے تحت صبح اور شام کی نشریات میں آدھے آدھے گھنٹے کا اضافہ کیا جائے گا۔ اب ہماری انگریزی نشریات صبح ساڑھے آٹھ بجے کے بجائے 9 بجے تک جاری رہے گی جبکہ سہ پہر کی نشریات پانچ بجے کی بجائے آدھ گھنٹہ پہلے، یعنی 4 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوا کریں گی۔

کشمیر میں مواصلاتی ذرائع معطل کیے جانے سے مقامی لوگوں کے پاس ہر وقت باخبر رہنے کے ذرائع محدود ہو گئے ہیں، تاہم شارٹ ویو پر بی بی سی کی انگریزی، اردو، ہندی، دری اور پشتو نشریات معمول کے مطابق جاری ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp