روزی گیبریئل: کینیڈا کی ’موٹر سائیکل گرل‘ پاکستان کی سیر پر


’زندگی ایک سفر ہے، اس کا مطلب یہ نہیں کہ زندگی ایک سہانا سفر ہے، ہرگز نہیں۔ البتہ اپنی زندگی کو سہانا اور یادگار بنانے کے لیے سفر کرنا شرط ہے۔‘

یہ کینیڈا سے تعلق رکھنے والی سیاح روزی گیبرئیل کے الفاظ ہیں جو پچھلے ماہ سے پاکستان میں موٹر سائیکل پر سفر کر رہی ہیں۔

وہ ان سفری لمحات کو تصاویر اور ویڈیوز کے ذریعے محفوظ کر کے دنیا کے ساتھ اپنے یوٹیوب چینل پر شیئر کرتی ہیں تاکہ لوگوں کو ایک ’مختلف انداز‘ میں زندگی دکھا سکیں۔

وہ ’دنیا دیکھنا چاہتی ہیں اور مختلف لوگوں اور ثقافتوں کے بارے میں دنیا کو بتانا چاہتی ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیے

فاطمہ حبیب: سرگودھا کی دبنگ موٹر سائیکل سوار خاتون

جب سمندر، پہاڑ اور صحرا ایک جگہ ہوں!

پاکستانی ٹوئٹر پر ’سنتھیا‘ کا نام کیوں ٹرینڈ کر رہا ہے؟

موٹر سائیکل پر سیاحت

گیبریئل نے 16 برس کی عمر میں مختلف رضاکارانہ گروہوں کے ساتھ بیرونِ ملک سفر کیا اور پھر سیاحت انھیں ایسی بھائی کہ 19 برس کی عمر تک وہ جنوب مشرقی ایشیا میں اکیلے سفر کر چکی تھیں۔

البتہ یہ سفر انھوں نے بس کے ذریعے کیا جس میں انھیں کچھ خاص لطف نہیں آیا۔ انھوں نے بتایا کہ ’مجھے لگا کہ دورانِ سفر تفریح کے تمام مواقع گنوا رہی ہوں۔‘

انھوں نے کہا کہ ’پھر میں نے ایک موٹر سائیکل کرائے پر لی اور یہ وہ پہلا لمحہ تھا جب مجھے موٹر سائیکل کے ذریعے سفر کرنے کا شوق ہوا اور میں نے تھائی لینڈ، لاؤس، ویتنام اور کمبوڈیا میں 12 ہزار کلومیٹر کا سفر طہ کیا۔

’میں اپنی زندگی کو بھرپور انداز میں جینا چاہتی تھی، اسی جذبے نے مجھے سفر کرنے پر آمادہ کیا۔‘

’پاکستان خطرناک ہے، وہاں مت جانا‘

پاکستان آنے سے قبل گیبریئل کو پاکستان کے بارے میں کوئی اچھی خبریں سننے کو نہیں ملیں۔

گیبریئل بتاتی ہیں کہ ان کے دوست انھیں کہا کرتے تھے کہ ’پاکستان بہت خطرناک ہے وہاں مت جانا، میں نے یہ متحدہ عرب امارات اور افریقہ میں بھی سنا۔‘

مگر ذاتی طور پر انھیں یقین تھا کہ پاکستان غیر محفوظ نہیں کیونکہ وہ منفی میڈیا پر یقین نہیں رکھتیں۔

انھوں نے کہا کہ ’میرا مشن تھا کہ میں پاکستان اکیلے ایک موٹر سائیکل کے ذریعے دیکھ سکوں اور اپنے تجربات لوگوں کے ساتھ شیئر کروں۔‘

پھر وہ پاکستان آئیں اور یہاں پچھلے پانچ مہینوں سے اکیلے سفر کر رہی ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ’اب تک پاکستان میں لاہور سے لے کر گوادر تک میں نے بغیر کسی سکیورٹی اور کیمرہ کریو کے سفر کیا ہے اور یہاں کے لوگ محبت کرنے والے اور ملنسار ہیں۔‘

روزی

‘میرا مشن تھا کہ میں پاکستان اکیلے ایک موٹر سائیکل کے ذریعے دیکھ سکوں اور اپنے تجربات لوگوں کے ساتھ شیئر کروں’

موٹر سائیکل خراب ہونے کا واقعہ

گیبریئل بتاتی ہیں کہ پاکستان میں پچھلے پانچ ماہ کے دوران ان کے ساتھ کوئی ایک بھی بُرا واقعہ پیش نہیں آیا،اور انھوں نے پاکستانیوں کو انتہائی ’مہمان نواز، خوبصورت اور نرم دل‘ پایا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ سندھ میں سفر کے دوران ان کا موٹر سائیکل خراب ہو گیا تھا۔ حالانکہ گیبریئل موٹر سائیکل پر ایک عرصے سے سیاحت کر رہی ہیں لیکن اس دوران اس کے تکنیکی کام کے بارے میں انھیں زیادہ معلوم نہیں۔

’جمعے کا دن تھا، مکینک کی دکان بند تھی اور اندھیرا پھیل رہا تھا۔ ایسے میں وہاں کے ایک مقامی شخص نے مجھ سے پوچھا کہ میں رات کہاں گزاروں گی؟ تو میں نے کہا کہ میں یہاں کی کسی مقامی فیملی کے ساتھ رات رہ لوں گی۔‘

وہ شخص گیبریئل کو اپنے گھر لے آیا جہاں ان کے مطابق ان کی ملاقات ایک ’انتہائی محبت کرنے والے خاندان‘ سے ہوئی۔

گیبریئل نے دو دنوں پر محیط یہ تجربہ فلم بند بھی کیا جس میں وہ سندھ کے ثقافتی کپڑوں میں ملبوس وہاں کے روایتی کھانے کھا رہی ہیں اور رقص کرتی دکھائی دے رہی ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ ’مکینک نے میری موٹر سائیکل مفت میں ٹھیک کر دی، اس نے کہا کہ آپ ہماری مہمان ہیں۔‘

’لوگ آپ کو بہت کھانا کھلاتے ہیں‘

گیبریئل نے بتایا کہ انھیں پاکستان کے تمام کھانے بہت پسند آئے اور ساتھ ہی یہ شکوہ بھی کیا کہ ’یہاں لوگ آپ کو بہت کھانا کھلاتے ہیں۔‘

گیبریئل اپنی ایک ویڈیو میں ایک مقامی بینڈ کے ساتھ قوالی گاتی بھی دکھائی دیتی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ انھیں قوالی کے الفاظ نہیں آتے لیکن پھر بھی وہ اس سے لطف اندوز ہوئیں۔

گیبریئل سے اکثر لوگ پوچھتے ہیں کہ ایک خاتون ہو کر اکیلے پورے پاکستان کا سفر کرنا کیسا رہا اور کیا یہ خطرناک ہے۔

وہ جواباً کہتی ہیں کہ میں جہاں بھی گئی میرے ارد گرد مرد تھے اور وہ مجھے موٹر سائیکل پر دیکھ کر بہت خوش ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ ’مجھے کبھی ڈر لگا نہ میری کسی نے بے عزتی کی۔‘

اس وقت گیبریئل اپنے سفر کے دوسرے حصے کا آغاز کر رہی ہیں جس میں وہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سیر کو نکلیں گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp