کوئٹہ کی مسجد میں دھماکہ، کم از کم 4 افراد ہلاک


پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع کوئٹہ کے علاقے کچلاک میں بم دھماکے میں کم از کم 4افراد ہلاک اور 22 زخمی ہوگئے۔

دھماکہ کچلاک ٹاﺅن میں کلی قاسم میں واقع مسجد میں ہوا۔

کچلاک پولیس کے ایک سینئر اہلکار نے فون پر بی بی سی کے محمد کاظم کو بتایا کہ دھماکہ نماز جمعہ کے خطبے کے دوران مسجد کے اندر ہوا۔

اہلکار نے بتایا کہ دھماکہ مسجد کے اندر دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں کم از کم 4 افراد ہلاک اور 22زخمی ہوئے ہیں۔

ہلاک ہونے والوں میں قاری احمد اللہ بھی شامل ہے جو کہ مسجد میں دھماکہ کے وقت خطبہ دے رہے تھے۔

دھماکے میں زخمی افراد کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ دھماکے کی نوعیت معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔

زخمی ہونے والے ایک شخص حکمت اللہ نے سول ہسپتال کوئٹہ میں میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ دھماکہ خطبے کے دوران آگے کی صفوں میں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکے کے ساتھ شعلہ بلند ہوا جس کے بعد دھویں اور گردوغبار کے باعث مسجد کے اندر اندھیرا چھا گیا۔

بعض دیگر عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ مسجد کے ممبر کے قریب ہوا۔

کچلاک کوئٹہ شہر سے شمال میں اندازاً 25 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔

اس علاقے کی آبادی مختلف پشتون قبائل پر مشتمل ہے جہاں افغان مہاجرین بھی آباد ہیں۔

ماضی میں امریکی حکام افغان طالبان کے رہنماﺅں بالخصوص افغان طالبان کے کوئٹہ شوریٰ کی اس علاقے میں موجودگی کا الزام بھی عائد کرتے رہے ہیں تاہم پاکستانی حکام ایسے الزامات کی سختی سے تردید کرتے رہے ہیں۔

ضلع کوئٹہ میں رواں سال نماز جمعہ کے خطبے کے دوران کسی مسجد میں بم دھماکے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

اس سے قبل مئی کے مہینے میں کوئٹہ شہر کے علاقے پشتون آباد میں بھی ایک مسجد میں بم دھماکے میں تین افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp