میں کشمیریوں کے حق میں کوئی بات نہیں کروں گا:  عرفان جونیجو


معروف پاکستانی یوٹیوبر عرفان جونیجو نے کہا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری صورتحال کے بارے میں اپنے چینل پر کوئی بات نہیں کریں گے۔ ان کا یہ بیان سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہے اور لوگ شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔

عرفان جونیجو نے ٹوئٹر پر ایک تھریڈ میں کہا کہ وہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے بارے میں کوئی ویڈیو نہیں بنائیں گے ، اور یہ اس لیے نہیں کہ وہ انڈین مظالم کے حامی ہیں یا ان کے انڈین فالورز کم ہوجائیں گے بلکہ وہ کشمیر پر اس لیے ویڈیو نہیں بنائیں گے کیونکہ انہوں نے اس وقت بھی ویڈیو نہیں بنائی تھی جب کوئٹہ میں ہزارہ برادری اپنے پیاروں کی لاشوں کے ساتھ احتجاج کر رہی تھی۔

عرفان جونیجو نے کہا کہ وسیم اکرم اور شعیب اختر نے بھی کشمیر کے معاملے پر کوئی ویڈیو نہیں بنائی۔ عرفان جونیجو کا یہ بیان سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سخت غم و غصے کا اظہار کیا جارہا ہے۔ ایک ٹوئٹر صارف نے سوال اٹھایا کہ کیا عرفان جونیجو کی نظر میں تمام مردے ایک برابر ہیں؟ اگر اس نے اپنی آواز پہلے بلند نہیں کی تو کیا وہ اب بہتری نہیں لاسکتا اور ظلم کے خلاف بات نہیں کر سکتا؟۔

بعض صارفین کی رائے ہے کہ عرفان جونیجو نے انتہائی کشیدگی کے ماحول میں یہ متنازع بیان سستی شہرت کے لئے دیا ہے کیونکہ اس سے پہلے بھی وہ ایسا ہی کچھ کرچکے ہیں۔ فروری 2018 میں حکومت پاکستان نے عرفان جونیجو کی ایک ویڈیو پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کرنے کیلئے استعمال کی تھی جس پر موصوف نے بھرپور ہنگامہ برپا کرتے ہوئے یوٹیوب انتظامیہ سے شکایت کرکے حکومت پاکستان کا آفیشل اکاﺅنٹ معطل کرا دیا تھا ۔ جس وقت عرفان جونیجو کا یہ تنازعہ سامنے آیا تھا تب ان کے یوٹیوب پر صرف 88 ہزار کے قریب سبسکرائبرز تھے لیکن آج ان کے سبسکرائبرز کی تعداد 10 گنا ہوچکی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).