کشمیر کا مقدمہ عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کا فیصلہ


شاہ محمود قریشی، کشمیر

پاکستان کے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے قبل پاکستان کو اپنے پاس موجود قانونی آپشنز کو دیکھنا تھا

پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں ‘انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں’ کا مقدمہ عالمی عدالتِ انصاف میں لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مقامی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں ہونے والے ایک اجلاس میں تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد یہ اصولی فیصلہ کیا گیا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ اس اجلاس میں وزیر قانون سمیت بین الاقوامی قوانین کے ماہر بھی موجود تھے جن سے مشاورت کے بعد یہ ’واضح، ٹھوس اور اصولی مؤقف اپنایا گیا ہے کہ پاکستان انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والے قتل عام کے معاملے کو عالمی عدالت انصاف میں اٹھائے گا۔ یہ ہمارے پاس ایک مضبوط کیس ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے دیگر تفصیلات وزارت قانون جلد جاری کرے گی۔

یہ بھی پڑھیے

پاکستان، کشمیر اور خام خیالی

کشمیر کا مسئلہ کیا ہے؟

سلامتی کونسل: کشمیر پر مشاورتی اجلاس کا مطلب کیا ہے؟

ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے قبل پاکستان کو اپنے پاس موجود قانونی آپشنز کو دیکھنا تھا اور ’تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لینے کے بعد ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں ہمارا ایک ٹھوس مؤقف ہے، اور اس کو عالمی عدالت انصاف میں لے جایا جا سکتا ہے اور اب مکمل مشاورت کے بعد یہ فیصلہ ہوا ہے۔‘

دوسری جانب وزیرِ اعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کا مقدمہ لڑے گا جبکہ مطالبہ کیا کہ عالمی برادری کشمیریوں کی نسل کشی روکنے کے لیے کردار ادا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان 27 ستمبر کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کرنے جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ انڈین وزیراعظم نریندر مودی ان سے ایک دن قبل 26 ستمبر کو جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp