سیور فوڈز نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی ٹیم سے غنڈہ گردی کرنے پر معافی مانگ لی


سیور فوڈز نے کل محکمہ موسمیاتی تبدیلی اور انوائرنمنٹ پروٹیکشن ایجنسی کی ٹیم سے غنڈہ گردی کرنے پر غیر مشروط طور پر معافی مانگ لی ہے۔ سیور فوڈز کے ملازمین نے ٹیم پر اس وقت حملہ کیا تھا جب وہ گزشتہ جمعے کو انسپیکشن کے بعد اسے اسلام آباد کے قوانین کے مطابق شاپنگ بیگ پر پابندی پر عمل درآمد کے احکامات جاری کرنے کے چار روز بعد چیکنگ کے لئے دوبارہ گئی تھی۔

اس غنڈہ گردی پر سیور فوڈز کے اہلکاروں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے علاوہ اس پر دو لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا اور اسے سیل کر دیا گیا تھا۔

سیور فوڈز بلیو ایریا کے چیف ایگزیکٹو محمد نعیم نے کہا ہے کہ وہ اپنے سٹاف ممبرز کی جانب سے وزارت موسمیاتی تبدیلی کی ٹیم کے عمومی دورے کے موقع پر اس کے خلاف مس کنڈکٹ اور غلط رویے کی معافی مانگتے ہیں۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ چند سٹاف ممبرز کا رویہ برا اور قابل مذمت تھا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ مستقبل میں ایسا کوئی واقعہ رونما نہیں ہو گا اور ریستوران موسمیاتی تبدیلی کے قواعد و ضوابط کی پاسداری کرے گا۔

انہوں نے درخواست کی کہ ان کے ریستوران کو سیل کرنے کا حکم واپس لیا جائے۔
اطلاعات کے مطابق سیور فوڈز کو کھول دیا گیا ہے اور اب وہ کاروبار دوبارہ شروع کر چکا ہے۔

اسی بارے میں: سیور فوڈز کی وزارت موسمیاتی تبدیلی کے اہلکاروں سے بدمعاشی پر شہریوں کا غصہ


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).