شامی مہاجرین پر ترکی میں عرصہ حیات تنگ


شامی مہاجرین

ترکی میں غیر رجسٹرڈ شامی مہاجرین کو زبردستی استنبول سے نکالا جا رہے ہے

ترکی کے دارالحکومت استنبول میں مقیم شامی مہاجرین کو آئندہ منگل تک شہر چھوڑنے کی مہلت دی گئی ہے جس کے بعد انھیں زبردستی ترکی بدر کر دیا جائے گا۔

ترک حکام نے استنبول میں غیر اندارج شدہ مہاجرین کو کہا ہے کہ جن صوبوں میں ان کے ناموں کا اندارج کیا گیا تھا وہ ان صوبوں میں لوٹ جائیں۔

بی بی سی کو کئی مہاجرین سے معلوم ہوا ہے انھیں زبردستی شام کے صوبے ادلب بھیجا جا رہا ہے جہاں پر حالیہ دنوں میں لڑائی میں تیزی آئی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

لبنان: پانچ خود کش حملہ آوروں نے خود کو اڑا لیا

موصل کی جنگ اور ترکی کے عزائم

انھوں نے مزید بتایا کہ بہت سے مہاجرین سے زبردستی ‘رضا کارانہ’ ترکی چھوڑنے کی ایسی دستاویزات پر دستخط کرائے جا رہے ہیں جن کی زبان بھی ان کی سمجھ میں نہیں آتی۔

استنبول چھوڑنے کا حکم جولائی میں جاری کیا گیا تھا جس میں ایک ماہ کی مہلت دی گئی تھی۔

پانچ لاکھ کے قریب شامی مہاجرین استنبول میں رجسٹر ہیں لیکن ایک اندازے کے مطابق دس لاکھ سے زیادہ شامی مہاجرین غیر قانونی طور پر استنبول میں رہ رہے ہیں جو دوسرے صوبوں میں اندراج کے بعد استنبول آ کر آباد ہو گئے ہیں۔

ترکی میں شامی مہاجرین

ترکی میں 36 لاکھ شامی مہاجرین مقیم ہیں

استنبول چھوڑنے کا حکام جاری کرتے ہوئے شامی مہاجرین کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپنی شناختی دستاویزات ہر لمحہ اپنے ساتھ رکھیں کیونکہ ان کی شہر میں چلتے پھرتے کسی وقت بھی چیکنگ کی جا سکتی ہے۔

ترکی اس بات پر فخر کرتا ہے کہ اس نے دنیا میں سب سے زیادہ 36 لاکھ مہاجرین کو اپنے ملک میں پناہ دی ہے۔ لیکن اب ان کا صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جا رہا ہے۔

بین الاقوامی قانون غیر رجسٹرڈ مہاجرین کی ملک بدری کی اجازت نہیں دیتا۔ ترکی کی حکومت کا کہنا ہے کہ جو شامی مہاجرین واپس لوٹ رہے ہیں وہ اپنی مرضی سے اور ان علاقوں میں جا رہے ہیں جن کو ترک فوج نے شدت پسندوں سے صاف کر دیا ہے۔

لیکن بی بی سی کی کئی ایسے مہاجرین سے بات ہوئی ہے جو ادلب لوٹنے پر مجبور ہو گئے ہیں جہاں اب تک جنگ بڑی شدت سے جاری ہے۔

استنبول کے ان علاقوں میں جہاں مہاجرین کی اکثریت مقیم وہاں ایسے مہاجرین کی کہانی عام ہیں جنھیں ترکی چھوڑ نے پر مجبور کر دیا گیا اور ان سے واپسی جانے کی دستاویزات پر زبردستی دستخط کرا لیے گئے اور ان دستاویزات کو انھیں پڑھنے کا موقع بھی نہیں دیا گیا۔

بی بی سی کے نامہ نگار کو ایک ترکی سے بے دخل کیے جانے والے ایک شامی مہاجر نے بتایا کہ جب انھوں نے سرحد عبور کی تو اور ترکی کے پرچم کو دیکھا تو انھیں ترکی سے نفرت سی محسوس ہوئی کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ ترکی ایک نسل پرست ملک ہے۔

ایک اور شامی مہاجر نے کہا کہ ترکی کے عوام شام کی نظر میں شامی مہاجرین ان کیڑوں کی طرح ہیں جو ترکی کا خون نچوڑ رہے ہیں۔

شام میں آٹھ سال سے جاری جنگ کے بعد سے اب ترکی کے دروازے شامی مہاجرین پر بند ہوتے جا رہے ہیں اور اب انھیں خوش آمدید نہیں کہا جاتا۔

اگست کے شروع میں بارہ ہزار شامی مہاجرین کو استنبول سے زبردستی ان صوبوں میں منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا اندراج کیا گیا تھا جبکہ چھبیس سو مہاجرین کو ایسے کیمپوں میں منتقل کر دیا گیا جو وزارتِ داخلہ کے تحت چلائے جا رہے ہیں۔ ہزاروں کاروباری مقامات پر چھاپے مارے گئے جہاں غیر قانونی طور پر مہاجرین کے کام کرنے کا اہتمال تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32290 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp