منی لانڈرنگ اور کرپشن کے الزامات: انڈیا کے سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم گرفتار


چدمبرم

انڈیا کے سابق وزیر خزانہ چدمبرم

انڈیا کے سابق وزیر خزانہ پی چدمبرم کو منی لانڈرنگ اور کرپشن کے الزامات میں گرفتار کر لیا گیا ہے تاہم ان کی جانب سے ان الزامات کی تردید کی گئی ہے۔

چدمبرم سے رشوت کے بدلے غیر ملکی سرمایہ کاری کو کلیئر کرنے کے الزامات کی تحقیقات جاری ہیں۔

73 سالہ چدمبرم اپوزیشن جماعت کانگریس کے سینیئر رکن ہیں جبکہ سنہ 1984 سے وہ انڈین پارلیمان کے رکن بھی ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بطور وزیر داخلہ بھی فرائض سر انجام دے چکے ہیں۔

سابق وزیر خزانہ کو بدھ کی شام مرکزی تفتیشی بیورو سی بی آئی نے گرفتار کیا۔ گرفتاری کے وقت ان کے حمایتیوں اور میڈیا نے چدمبرم کو لے جانے والی گاڑی کو گھیر لیا۔

اس سے ایک روز قبل حکام پوچھ گچھ کے لیے دہلی میں ان کے گھر بھی آئے تھے جنھیں بتایا گیا تھا کہ وہ گھر پر نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

انڈیا: معروف مبلغ ذاکر نائیک پر منی لانڈرنگ کا الزام

کرپشن پر سابق برازیلی صدر کو ساڑھے نو سال قید

منی لانڈرنگ کا جن بوتل میں کیسے بند کیا جائے؟

دہلی کی ہائی کورٹ سے درخواست ضمانت مسترد ہونے پر انھوں نے اپنی گرفتاری سے چند گھنٹے قبل ہی سپریم کورٹ سے رجوع بھی کیا تھا۔

کارتی چدمبرم

کارتی چدمبرم

ان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی چدمبرم اور ان کے بیٹے کے خلاف ’سیاسی انتقامی کارروائی‘ کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ اس کیس میں چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم بھی شامل تفتیش ہیں۔

چدمبرم پر الزام ہے کہ سنہ 2007 میں جب وہ وزیر خزانہ تھے تو انھوں نے آئی این ایکس گروپ کو ملنے والی اربوں ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کو کلیئر قرار دیا تھا۔

کارتی چدمبرم پر الزام ہے کہ انھوں نے وزارت خزانہ کی جانب سے غیر ملکی سرمایہ کاری کلیئر ہونے پر مبینہ طور پر آئی این ایکس گروپ سے رشوت لی تھی۔

سی بی آئی اور مالی جرائم کی تحقیقات کرنے والا ادادرہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ دونوں باپ بیٹے سے اس معاملے پر تحقیقات کر رہا ہے۔

سی بی آئی نے سنہ 2018 میں کارتی چدمبرم کو بھی گرفتار کیا تھا تاہم بعد میں انھیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔ وہ انڈیا کی جنوبی ریاست تامل ناڈو سے کانگرس کے رکن پارلیمان ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32496 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp