شوبز ڈائری: کیا ضمانت ہے کہ میکا دوبارہ پاکستان میں شو نہیں کریں گے؟


میکا سنگھ نے پاکستان میں پرفارم کر کے جیسے مصیبتوں کو دعوت دے دی اب بیچارے معافی مانگ مانگ کر پریشان ہیں۔

جمعرات کو انڈیا سِنے ایمپلائز کے اہلکاروں کے ساتھ ایک پریس کانفرنس میں میکا سنگھ کو کھلے عام معافی مانگنی پڑی۔

میکا بار بار اپنی صفائی دیتے ہوئے وہاں موجود انڈیا سِنے ایمپلائز کی تعریفیں بھی کر رہے تھے کہ بھائی آپ لوگ بڑے مہمان ہو مجھ سے غلطی ہوئی مجھے معاف کر دو ایسے میں کچھ محبِ وطن کہے جانے والے صحافی بڑھ چڑھ کر میکا کو شرمندہ کرنے کی کوشش بھی کرتے نظر آئے۔

پہلے تو میکا سنگھ بڑی شرافت سے سوالوں کے جواب میں معافی بھی مانگتے رہے لیکن جب مسلسل ایک جیسے سوال سامنے آتے رہے تو میکا صحافیوں سے بھڑ گئے اور الٹا سوال داغ دیا کہ جب سونو نگم، عاطف اسلم کے ساتھ پرفارم کرتے ہیں تو ان سے سوال کیوں نہیں ہوتے اور جب نیہا ککڑ پاکستانی فنکاروں کے ساتھ شو کرتی ہیں تو سوال کیوں نہیں پوچھے جاتے۔

مزید پڑھیے

’مجھے پاکستان بھیجنے کی کوشش نہ کریں‘

’میں وہ لڑکی ہوں جو پریانکا پر چیخی تھی‘

لگتا ہے کہ میکا کی معافی زیادہ اثر نہیں دکھا پائی کیونکہ پریس کانفرنس کے بعد تنظیم کے چیف صلاح کار اشوک پنڈت نے کہا کہ عوام سے میکا کی معافی پر انھیں قطعی یقین نہیں ہے اور یہ ایک طرح سے مگر مچھ کے آنسو ہیں اس بات کی کیا ضمانت ہے کہ وہ دوبارہ پاکستان میں شو نہیں کریں گے۔

بات جو بھی ہو میکا سنگھ اس وقت بڑے برے پھنسے ہیں اب چاہے مودی جی نواز شریف کی نواسی کی شادی میں اچانک بن بلائے مہمان بنے ہوں یا پھر سونو نگم نے عاطف اسلم کے ساتھ شو کیا کیا فرق پڑتا ہے فرق صرف اتنا ہے کہ میکا سنگھ غلط وقت پر غلط جگہ کھڑے تھے۔

پرینکا

Inpho
اقوام متحدہ کی گڈ وِل سفیر ہونے کے ناطے لوگوں کو پریانکا سے توقع تھی کہ وہ انسان دوستی اور غیر جانبداری کا پیغام پوری دنیا تک پہنچائیں گی

پریانکا کی ’جانبداری‘

میکا سنگھ کے ساتھ آج کل پریانکا چوپڑہ بھی پاکستان میں موضوع بحث ہیں۔

پاکستان کی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے یونیسیف کو لکھا ہے کہ پریانکا چوپڑہ کو یونیسیف کی امن اور خیر سگالی کی عالمی سفیر کے عہدے سے ہٹایا جائے۔

ادارہ کیا فیصلہ کرے گا اس بارے میں کچھ نہیں کہا جا سکتا لیکن اس سے وابستہ لوگوں یا اس کے سفیروں سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی ملک کے حالات یا تعلقات یا حساس موضوعات پر بات کرتے ہوئِے محتاط رویہ اختیار کریں اور غیر جانبدار رہنے کی کوشش کریں۔

پریانکا کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ غیر جانبداری کا مظاہرہ نہیں کر پائیں۔

انوشکا کی ’ہیپی ٹویٹس‘

اداکارہ انوشکا شرما کا خیال ہے کہ سوشل میڈیا پر ٹرولز اور منفی خبروں کے اس دور میں بھی اچھی اچھی اور مثبت باتیں کی جا سکتی ہیں۔

انوشکا جو ایک پروڈیوسر اور جانوروں کے حقوق کی علمبردار بھی ہیں انھوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس کا عنوان ہے ‘ہیش ٹیگ ہیپی ٹوئٹس۔’

اس ویڈیو میں انوشکا لوگوں کی جانب سے کی جانے والی اچھی اچھی ٹویٹس پڑھ رہی ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ‘لو اینڈ لائٹ’ نام کے اس پراجیکٹ کا مقصد لوگوں کو مثبت انداز میں ایک دوسرے جوڑنا ہے نہ کہ منفی ماحول پیدا کرنا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ انٹرنیٹ ایک منفی میڈیا بنتا جا رہا ہے لیکن انوشکا کا خیال ہے کہ اس ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے دنیا چھوٹی ہو گئی ہے اور دنیا بھر کے لوگ ایک دوسرے کے قریب آئے ہیں۔

سوشل میڈیا میں نوجوانوں، سماج اور کلچر کو اثر انداز کرنے کی طاقت ہے تو کیوں نہ اس کا استعمال بہتری کے لیے کیا جائے اور سوشل میڈیا پر مثبت باتیں کی جائیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32505 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp