سری لنکا بمقابلہ پاکستان: ون ڈے سیریز کراچی میں، ٹی ٹوئنٹی لاہور میں


پاکستان کرکٹ

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوں گے۔ (فائل فوٹو)

سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے آئندہ ماہ پاکستان میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

سری لنکا اور پاکستان کے میچوں کا شیڈول بھی کر دیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق تین ون ڈے میچ کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ لاہور ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی کرے گا۔

سری لنکا کی ٹیم 25 ستمبر کو کراچی پہنچے گی۔

یہ بھی پڑھیے

شعیب، حفیظ سینٹرل کنٹریکٹ سے آؤٹ

مکی آرتھر کے معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ

محمد عامر نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا

تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 27 ستمبر، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

دوسری طرف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 5، 7 اور 9 اکتوبر کو ہوں گے۔

ٹیسٹ سیریز کہاں ہو گی؟

اس کے علاوہ پاکستان اور سری لنکا کے کرکٹ بورڈز نے ٹیسٹ سیریز دسمبر میں کھیلنے پر اتفاق کیا ہے۔

اگرچہ دونوں کرکٹ بورڈز نے اس بات کا اعلان نہیں کیا کہ آیا یہ ٹیسٹ سیریز پاکستان میں ہو گی یا متحدہ عرب امارات۔ لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ اس بارے میں پُرامید ہے کہ ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے کامیاب انعقاد سے ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان میں ہونے میں مدد ملے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوشش رہی ہے کہ وہ سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سے کم ازکم ایک میچ پاکستان میں کھیلنے پر آمادہ کرسکیں۔

سری لنکا کے وزیر کھیل ہارین فرنینڈو نے گذشتہ دنوں ایک پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا تھا کہ سری لنکا کی ٹیم پاکستان میں ون ڈے سیریز کھیلے گی۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے جمعے کو سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر سے فون پر بات کی جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ پہلے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے جس کے بعد ٹیسٹ سیریز ہوگی۔ یہ سیریز آئی سی سی کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے۔

سری لنکا ٹیم

سری لنکا وہ آخری ٹیم ہے جس نے سنہ 2009 میں پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی

احسان مانی کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے ان کوششوں کو سراہا ہے جو پاکستان کرکٹ بورڈ ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی کے لیے کررہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کو پاکستان آ کر ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے سے صورتحال کا اچھی طرح جائزہ لینے میں بھی مدد ملے گی جو ٹیسٹ سیریز کے لیے مدد گار ثابت ہوگا۔

یاد رہے کہ سری لنکا وہ آخری ٹیم ہے جس نے سنہ 2009 میں پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی۔ اسی دورے کے دوران لاہور میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ کے موقعے پر سری لنکن کرکٹ ٹیم دہشت گردوں کے حملے کا نشانہ بنی تھی جس میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے تھے اور چند سری لنکن کرکٹرز بھی زخمی ہوئے تھے۔

اس واقعے کے بعد سے کوئی بھی بڑی ٹیم پاکستان نہیں آئی۔ اس دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کی کوششیں جاری رکھی ہیں اور ان کوششوں کے نتیجے میں پہلے سنہ 2015 میں زمبابوے کی ٹیم نے لاہور میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی۔ اس کے بعد گذشتہ سال انٹرنیشنل الیون، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا نے پاکستان میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی انہی کوششوں کے نتیجے میں پاکستان سپر لیگ کے متعدد میچز پاکستان میں منعقد ہو چکے ہیں اور اب بورڈ نے آئندہ سال پاکستان سپر لیگ کے تمام میچز پاکستان میں منعقد کرنے کا اعلان کررکھا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32294 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp