پریانکا چوپڑا کے بارے میں شیریں مزاری کے مطالبے پر اقوام متحدہ کا منفی رد عمل


 بھارتی اداکارہ پریانکا چوپڑا کو خیر سگالی سفیر کے عہدے سے ہٹانے کیلئے وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری نے اقوام متحدہ کو خط لکھا تھا جس پر اب اقوام متحدہ نے اپنا موقف جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ اداکارہ ذاتی حیثیت میں کوئی بھی بیان دے سکتی ہیں، وہ پریانکا کا ذاتی بیان تھا تاہم اقوام متحدہ کو امید ہے کہ جب اداکارہ بطور خیر سگالی سفیر بات کریں گی تو غیر جانبداری کا مظاہرہ کریں گے۔

یاد رہے کہ شیریں مزاری نے پریانکا چوپڑا کی جانب سے جنگ کی حمایت سے متعلق بیان دینے پر چند روز قبل یونیسف کے سربراہ کو خط لکھ کر بھارتی اداکارہ سے خیر سگالی سفیر کا عہدہ واپس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔ یونیسیف کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہینریتا ایچ فور کو لکھے گئے خط میں شیریں مزاری نے نشاندہی کی تھی کہ پریانکا چوپڑا، جو 2016 میں یونیسیف کی عالمی خیر سگالی سفیر نامزد ہوئی تھیں، نے عوامی سطح پر بھارتی حکومت کے اقدامات کو سراہا اور پاکستان کو بھارتی وزیر دفاع کی جانب سے ملنے والے جوہری حملے کی دھمکی کی بھی حمایت کی۔

شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ یہ تمام باتیں امن اور خیرسگالی کے اصولوں کے منافی ہیں، اداکارہ کی جنگ جوئی کی حمایت نے ان کے اقوام متحدہ کی نمائندہ ہونے پر سوال کھڑا کر دیا ہے۔

 


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).