انڈیا کے سابق وزیر خزانہ ارون جیٹلی کا دہلی میں انتقال


ارون جیٹلی

ارون جیٹلی ایک عرصے سے علیل تھے

انڈیا کے سابق وزیر خزانہ اور بی جے پی کے اہم رہنما ارون جیٹلی نے سنیچر کی دوپہر دہلی کے معروف ہسپتال آل انڈیا میڈیکل سائنس (ایمس) میں آخری سانسیں لیں۔

وہ ایک عرصے سے علیل تھے اور گذشتہ کئی دنوں سے لائف سپورٹ پر تھے۔ وہ 66 سال کے تھے۔

ارون جیٹلی نو اگست سے ایمس میں زیر علاج تھے۔ ایمز کی ترجمان آرتی وج نے میڈیا کو جاری ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ جیٹلی نے سنیچر کو دوپہر بارہ بچ کر سات منٹ پر آخری سانس لی۔

گذشتہ ہفتے سنیچر کی شام کو وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ جیٹلی کی صحت دریافت کے لیے ایمس پہنچے تھے اس سے قبل نو اگست کو وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر صحت ہریش وردھن ان سے ملنے ہسپتال پہنچے تھے۔

ارون جیٹلی کو سانس لینے میں دشواریوں کی وجہ سے نئی دہلی کے ایمس میں داخل کیا گیا تھا۔ انھیں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں رکھا گیا تھا۔

رواں سال مئی میں حکومت سازی کے وقت ارون جیٹلی نے وزیر اعظم مودی کو ایک خط لکھا تھا کہ وہ صحت کی بنیاد پر نئی حکومت میں کوئی ذمہ داری نہیں چاہتے ہیں۔ انھوں نے لکھا کہ انھیں پچھلے 18 مہینوں سے پریشانی ہے جس کی وجہ سے وہ کوئی عہدہ لینا نہیں چاہتے۔

وکالت سے سیاست میں آنے والے ارون جیٹلی بی جے پی کے تجربہ کار قائدین میں شامل تھے۔

ارون جیٹلی دہلی اور ڈسٹرکٹ کرکٹ ایسوسی ایشن ڈی ڈی سی کے صدر بھی رہ چکے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp