مودی کو سول ایوارڈ کیوں دیا؟ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے یو اے ای کا دورہ منسوخ کر دیا


چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپنا اور پارلیمانی وفد کا متحدہ عرب امارات کا دورہ منسوخ کر دیا۔ چیئرمین سینیٹ نے متحدہ عرب امارات کا دورہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورے اور انہیں اعلیٰ ترین سول اعزاز دینے کے تناظر میں منسوخ کیا ہے۔ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا کہنا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھرپور حمایت کرتا ہے، مودی حکومت کشمیری مسلمانوں پر ظلم کر رہی ہے اور مقبوضہ کشمیر میں 20 روز سے کرفیو نافذ ہے۔ اس موقع پر یو اے ای کا دورہ کشمیریوں کی دل آزادی کا سبب بنے گا۔

خیال رہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو ہفتہ کے روز متحدہ عرب امارات کی حکومت نے سب سے بڑے سول اعزاز سے نوازا ہے۔ اس سے قبل یو اے ای حکومت نے کشمیر کے مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کرنے سے بھی انکار کردیا تھا۔ مسلمانوں پر مظالم ڈھانے والے مودی کو مسلمان ملک کی جانب سے اعلیٰ ترین سول اعزاز دیے جانے کے معاملے پر پاکستان میں سخت غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).