کیا ناسا خلا میں ہونے والے پہلے مبینہ جرم کی تفتیش کر رہا؟


این میکلین

جون میں خلائی سٹیشن سے واپس آنے پر این میکلن کو ایک کیپسول سے اترنے میں مدد دی جا رہی ہے

امریکی خلائی ایجنسی ناسا کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ خلا سے کیے جانے والے ایک جرم کی تفتیش کر رہا ہے جس کے بارے میں دعوی کیا جا رہا ہے کہ وہ خلا میں کیا جانے والا پہلا جرم ہے۔

دعوے میں کہا گيا ہے کہ بین الاقوامی خلائی سٹیشن (آئی ایس ایس) سے ایک خلا باز نے اپنے سے علیحدگی اختیار کرنے والے ساتھی کے بینک اکاؤنٹ کا استعمال کیا ہے۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق خلاباز این میکلین نے آئی ایس ایس سے بینک اکاؤنٹ کےاستعمال کی بات قبول کی ہے لیکن انھوں نے کسی غلط کام کے ارتکاب سے انکار کیا ہے۔

ان کی علیحدہ ہو جانے والی ساتھی سمر وورڈن نے مبینہ طور پر فیڈرل ٹریڈ کمیشن میں اس کے متعلق شکایت کی ہے۔

اس کے بعد این میکلین زمین پر واپس آ چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

بین الاقوامی خلائی سٹیشن میں شہابیہ لگنے سے سوراخ

’مشن شکتی سے خلائی سٹیشن کو بھی خطرہ ہو سکتا تھا‘

چینی خلائی سٹیشن زمین پر کب اور کہاں گرے گا؟

اپنے وکیل کے توسط سے نیویارک ٹائمز سے گفتگو کرتے ہوئے این میکلین نے کہا کہ وہ بس اس بات کی یقین دہانی کرنا چاہتی تھیں کہ آیا خاندان کی مالی حالت ٹھیک ہے اور کیا اتنے پیسے ہیں کہ بلوں کی ادائیگی ہو سکے اور ان کے بیٹے کی دیکھ بھال ہو سکے۔ دونوں علیحدہ ہونے سے قبل مل جل کر بچے کو پال رہی تھیں۔

این میکلین کے وکیل رسٹی ہارڈن کا کہنا ہے کہ ‘انھوں نے اس بات کی سختی کے ساتھ تردید کی ہے کہ انھوں کوئی غلط کام کیا ہے۔’ اس کے ساتھ انھوں نے یہ بھی کہا کہ این میکلین اس معاملے میں ‘پوری طرح تعاون کر رہی ہیں۔’

این میکلین اور سمر وورڈن، جو کہ ایئرفورس انٹیلیجنس افسر ہیں، نے سنہ 2014 میں شادی کی تھی لیکن پھر خلاباز سمر وورڈن نے سنہ 2018 میں طلاق کی درخواست دے دی تھی۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق ناسا کے انسپیکٹر جنرل کے دفتر کے تفتیش کاروں نے ان الزامات کے متعلق ان دونوں سے رابطہ کیا ہے۔

این میکلین نے معروف ویسٹ پوائنٹ ملیٹری اکیڈمی سے تعلیم حاصل کی اور انھیں فوجی پائلٹ کے طور پر عراق کی فضائی حدود میں جنگی طیارے کو 800 گھنٹے سے زیادہ پرواز کروانے کا تجربہ ہے۔ انھوں نے ناسا کے پائلٹ کے امتحان کو پاس کیا اور سنہ 2013 میں ناسا کی پرواز کو اڑانے کے لیے منتخب ہوئیں۔

انھوں نے آئی ایس ایس میں چھ ماہ گزارے اور وہ خلا میں تمام خواتین کی پہلی ٹیم کا حصہ تھیں جو خلا میں قدم رکھنے والی تھیں لیکن ناسا نے آخری لمحوں میں ان کے کردار کو یہ کہتے ہوئے منسوخ کر دیا کہ ان کے سائز کے سوٹ کی دستیابی میں پریشانی تھی۔

خلاء میں قانون کیسے کام کرتا ہے؟

بین الاقوامی خلائی مرکز پانچ قومی اور بین الاقوامی خلائی اداروں کی مشترکہ کاوش ہے۔ اس میں امریکہ ، کینیڈا ، جاپان ، روس اور کئی یورپی ممالک شامل ہیں اور یہاں یہ قانونی فریم ورک تیار کیا گیا ہے جس کے تحت وہاں کے افراد اور چیزوں پر قومی قانون نافذالعمل ہوگا۔

اس لیے اگر کینیڈا کا کوئی شہری خلا میں کسی جرم کا مرتکب ہوتا ہے تو اس پر کینیڈا کے قانون کے تحت کارروائی ہو گی جبکہ روسی کے ساتھ روسی قانون کے تحت کارروائی ہو گی۔

خلا کے قانون میں واپس زمین پر بھیجنے کی بھی گنجائش ہے اگر ایک ملک یہ فیصلہ کرتا ہے کہ وہ کسی دوسرے ملک کے شہری کو خلا میں اس کے خراب برتاؤ کے تحت مقدمہ کرنا چاہتا ہے۔

اب جبکہ خلائی سیاحت حقیقت میں مبدل ہو رہی ہے اس لیے خلا میں کیے جانے والے جرائم کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی ضرورت پیش آئے گی لیکن ابھی تک اس کے قانونی فریم ورک کی جانچ نہیں ہو سکی ہے۔

بہر حال ناسا کے حکام نے نیویارک ٹائمز کو بتایا کہ انھیں خلائی سٹیشن پر ہونے والے کسی جرم کا ابھی تک علم نہیں ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32298 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp