کشمیر کی آزادی تک روڈ بند رہے گی


ہمارے محبوب وزیراعظم نے فرمایا ہے کہ ”میں چاہتا ہوں کہ تمام پاکستانی کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار اور مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو واضح پیغام بجھوانے [بعینہ] کے لئے کہ پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے، کل دن 12 بجے سے لے کر 12:30 تک باہر نکلیں۔ “

اسلام آباد میں حکم جاری کیا گیا ہے کہ کل بارہ بجے سے لے کر ساڑھے بارہ بجے تک تمام ٹریفک سگنل سرخ رہیں گے۔ اسلام آباد کے تمام شہری کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے آدھا گھنٹہ ٹریفک سگنل پر کھڑے ہوں گے۔ ہمیں یقین ہے کہ قوم آدھا گھنٹہ تو صرف وزیراعظم کی اپیل پر کھڑی ہو گی، اور اس دوران اتنا زیادہ جوش اور جذبہ شہر کی سڑکوں پر موجزن ہو جائے گا کہ شام تک ویسے ہی سڑک پر کھڑی رہے گی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہر ہفتے میں ایک دن پوری قوم، ہمارے اسکولز، یونیورسٹیز اور دفاتر جانے والے افراد ایک آدھے گھنٹے کے لیے نکلیں گے اور کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھائیں گے جس سے متعلق آگاہ کیا جاتا رہے گا۔

ہمارے سامنے پختونخوا حکومت کا ایک نوٹیفیکیشن بھی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہر جمعے کو تمام سکول، کالج اور یونیورسٹیاں اپنے طلبہ و طالبات کو آدھے گھنٹے کے لئے باہر سڑک پر لائیں اور ان کا جلوس نکالیں۔

نیز تمام دفاتر بند ہوں اور سٹاف باہر سڑک پر جلوس نکالے اور جلوس کی قیادت کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کریں۔ تمام کاروبار آدھا گھنٹہ بند کر کے ان کا جلوس نکالا جائے۔ تمام روڈ ٹرانسپورٹ آدھے گھنٹے کے لئے وہیں رک جائے جہاں وہ ہو اور ٹریفک پولیس اس بات کو یقینی بنائے کہ کوئی گاڑی حرکت نہ کرے۔ مرکزی سیکرٹریٹ کے تمام ملازمین اور افسران مرکزی لان میں واک کرنے یا جلوس نکالنے کے لئے جمع ہوں۔ اس کے علاوہ حکومت خیبر پختونخوا نے نجی سکولوں اور کالجوں کو حکم دیا ہے کہ وہ بھی بارہ بجتے ہی اپنے تمام طلبہ و طالبات کا سڑک پر اچھا جلوس نکالیں۔

ہماری رائے میں یہ ایک نہایت اچھا اقدام ہے۔ پورے ملک کے عوام کا اس طرح سڑک پر جلوس نکالا جائے گا تو مقبوضہ کشمیر کے عوام پر بہت اچھا اثر پڑے گا۔ گو اس وقت وہاں ذرائع مواصلات پر پابندی ہے اور ان تک خبر مشکل سے پہنچے گی، مگر اس کا پھر بھی اثر ہو گا۔ عین بارہ بجے جب سورج سوا نیزے پر ہو گا اور پلے گروپ اور نرسری کے ننھے منے بچے جلوس نکالیں گے تو عالمی میڈیا اسے بے تحاشا کوریج دے گا اور اس سے مودی پر دباؤ بڑھے گا۔ آدھا گھنٹہ کیا وزیراعظم کے حکم پر مکار مودی کو سبق سکھانے کے لئے قوم پورا ہفتہ کام بند کرنے کو تیار ہے۔ بلکہ بہت سے کاروبار تو یہ حکم آنے سے پہلے ہی بند ہو چکے ہیں۔

ہم خود اس بات کا ارادہ کر چکے ہیں کہ بارہ بجتے ہی نزدیکی سڑک پر جلوس نکالیں گے۔ بس ہم ایک بات کی احتیاط کریں گے۔ اول یہ کہ ہم بارہ بجے سے لے کر شام چھے سات بجے تک اپنی طبیعت ایسی خراب نہ کر بیٹھیں کہ ہسپتال جانا پڑے کیونکہ ٹریفک بند ہونے کی وجہ سے ہسپتال جانے کے لئے کئی میل پیدل چلنا پڑے گا اور بیماری کی حالت میں یہ کچھ مشکل کام ہے۔

باقی ماندہ قوم سے بھی ہم اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس دوران بیمار نہ ہو، دل کا دورہ نہ پڑوائے اور زچگی سے احتراز کرے۔ نیز جن خواتین و حضرات کا پیٹ گڑبڑ کرتا ہے، ہم ان سے بھی اپیل کریں گے کہ وہ بارہ بجے سے شام تک اپنے گھروں یا دفتروں میں رہیں یا پھر پیمپر باندھ کر باہر نکلیں ورنہ سڑک پر ٹریفک جام ہونے سے گاڑی کی سیٹ خراب ہو سکتی ہے۔ یہ صرف اس جمعے کی بات نہیں، ہر بشر آگاہ رہے کہ کشمیر کی آزادی تک ہر جمعے کو سڑکیں بند رہیں گی۔

عدنان خان کاکڑ

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

عدنان خان کاکڑ

عدنان خان کاکڑ سنجیدہ طنز لکھنا پسند کرتے ہیں۔ کبھی کبھار مزاح پر بھی ہاتھ صاف کر جاتے ہیں۔ شاذ و نادر کوئی ایسی تحریر بھی لکھ جاتے ہیں جس میں ان کے الفاظ کا وہی مطلب ہوتا ہے جو پہلی نظر میں دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ Telegram: https://t.me/adnanwk2 Twitter: @adnanwk

adnan-khan-kakar has 1541 posts and counting.See all posts by adnan-khan-kakar