عمران فرحت عالمی کرکٹ سے ریٹائر ہو گئے
پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر عمران فرحت نے طویل عرصے تک قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں ناکامی کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے کنارہ کشی کا اعلان کردیا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران فرحت نے کہا کہ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے رویے سے دل برداشتہ ہو کر کرکٹ کو خیرباد کہہ رہے ہیں جبکہ وہ سابق کھلاڑیوں کے لیے منعقد ہونے والی ماسٹرز چمپیئنز لیگ (ایم سی ایل) میں شرکت کے لیے متحدہ عرب امارات جائیں گے۔
عمران فرحت کرکٹ سے کنارہ کشی اعلان کرتے ہوئے جذباتی ہوئے، ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ان کا اوڑھنا بچھونا ہے۔سابق اوپنر کا کہنا تھا کہ وہ ٹیم کے دورہ مبابوے سے اہلیہ کے بیمار ہونے کے باعث دستبردار ہوئے تھے جس کے بعد ٹیم میں واپسی کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند کردیے گئے حالانکہ ڈومیسٹک میں عمدہ کارکردگی کے باوجود سلیکٹرز نے انھیں ترجیح نہیں دی۔
بائیں ہاتھ سے کھیلنے والے بلے باز نے کہا کہ قومی ٹیم کے بعد پاکستان سپر لیگ کے ممکنہ 300 کھلاڑیوں میں بھی انھیں نظرانداز کیا گیا جس کے بعد ایم سی ایل میں کھیلنے کا فیصلہ کیا۔
انھوں نے پی سی بی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سلیکشن کمیٹی خوش ہوجائے کہ نہ چاہنے کے باوجود وہ بین الاقوامی کرکٹ سے دستبردار ہو رہے ہیں۔عمران فرحت نے ٹیسٹ کرکٹ میں ڈیبو 8 مارچ 2001 کو آکلینڈ میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے کیا، ون ڈے کیرئر کا آغاز اسی دورے میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہی کیا تھا۔
لاہور سے تعلق رکھنے والے 33 سالہ کرکٹر نے 40 ٹیسٹ، 58 ایک روزہ اور 7 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان ٹیم کی نمائندگی کی۔
ٹیسٹ کرکٹ میں انھوں نے 3 سنچریوں اور 14 نصف سنچریوں کی مدد سے 2ہزار 4 سو رنز بنائے جبکہ 3 وکٹیں بھی حاصل کیں، ون ڈے کیرئیر میں انھوں نے ایک سنچری اور 12 نصف سنچریوں کی مدد سے 30.69 کی اوسط سے 1719 رنز بنائے اور 6 وکٹیں اپنے نام کی۔عمران فرحت نے 7 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 76 رنز بنائے۔
- دیپالپور میں احمدی عبادت گاہ پر پولیس کا حملہ - 13/09/2024
- پاور ڈویژن نے سولر پاور پر ٹیکس کی خبروں کو جھوٹ قرار دیدیا - 27/04/2024
- سولر پینل لگانے والوں پر ٹیکس عائد کرنے کی تجویز - 26/04/2024
Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).