وائرل ویڈیو: ’سو دو سو زیادہ لے لو بھائی لینڈ کروا دو‘


‘اگر آپ آرام سے بیٹھے تو آپ کو ایسا محسوس ہوگا کہ آپ نیچے گر جاؤ گے، ٹھیک ہے؟ شروع دوڑ کر کرنا ہے چلو ایک، دو، تین بھاگو، بھاگو، بھاگو۔۔۔’

‘آہ، جی، شاندار، جی میں آسمان کی بلندی پر ہوں، ہر طرف دھند ہی دھند ہے، بہت اونچائی ہے۔۔۔‘

یہ چند سطریں پڑھ کر آپ کے ذہن میں حال ہی میں انڈیا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی وائرل ویڈیو آئی ہوگی جس میں وہ پیراگلائیڈنگ کرتے ہوئے اپنے معاون ساتھی سے خوف کے مارے کہہ رہے ہیں ‘بھائی تو سو دو سو زیادہ لے لینا مگر مجھے لینڈ کروا دے۔‘

اگر آپ نے یہ ویڈیو دیکھی ہے تو یقیناً آپ بھی ان کی اس حرکت پر لوٹ پوٹ ہوئے ہوں گے بلکہ آپ نے بھی اسے وائرل کرنے میں اپنا حصہ ڈالا ہوگا۔

تو فضاوں میں وہ چلاتے ہوئے شخص ہیں انڈیا کی ریاست اترپردیش کے شہر بانڈہ سے تعلق رکھنے والے وپن ساہو جو انڈیا کے سیاحتی مقام منالی میں دوستوں کے ہمراہ چھٹیاں گزارنے کے دوران پیراگلائیڈنگ کرنے گئے اور سوشل میڈیا پر مقبول ہوگئے۔

اس ویڈیو میں وہ خوف کی وجہ سے اپنے پیراگلائیڈنگ کے فیصلے پر خود کو برا بھلا کہتے اور کوستے بھی دکھائی دیے ہیں اور اس کی حقیقت جاننے کے لیے بی بی سی ہندی نے وپن ساہو سے بات کی۔

یہ بھی پڑھیے

پیرا گلائیڈنگ ‘کی جنت’

ایشیائی کھیلوں میں پہلی بار جگہ بنانے والے پانچ کھیل

وپن نے بتایا کہ انھوں نے اس سے قبل کبھی پیراگلائیڈنگ کا نہیں سنا تھا اور انھیں اونچائی سے بھی ڈر لگتا ہے۔

انھوں نے بتایا کہ دوستوں نے پیراگلائیڈنگ کرنے کے لیے ان کی ہمت بندھائی اورجذباتی کرتے ہوئے کہا کہ ‘وہاں موجود ایک لڑکی اگر پیراگلائیڈنگ کر سکتی ہے تو تم کیوں نہیں’، جس کے بعد میں نے یہ کرنے کا فیصلہ کیا۔

وِپن کا کہنا ہے کہ وہ جولائی کے مہینے میں دوستوں کے ہمراہ انڈین ریاست ہماچل پردیش کے سیاحتی مقام منالی گئے تھے اور یہ ویڈیو تب کی ہے۔

ان کے مطابق اس دن ان کے تین دوستوں نے بھی پیرا گلائیڈنگ کی تھی۔

وِپن کا کہنا ہے کہ ‘میری باری میں جب میں فضا میں بلند ہوا اور بہت اونچائی پر چلا گیا جہاں بادل اور دھند تھی، اس کے بعد جو کچھ ہوا وہ چھ منٹ کی ویڈیو میں آپ سب کے سامنے آگیا۔’

اس ویڈیو میں آپ کو وِپن کے ساتھ ایک پیراگلائیڈر ٹرینر بھی دکھائی دیتے ہیں جو بار بار وِپن کو کہہ رہے ہیں کہ ‘بھائی اپنے پیر اوپر اٹھا، ٹانگیں اوپر کر ورنہ پیر ٹوٹ جائیں گے، خود بھی گرو گے مجھے بھی گراؤ گے۔ بھائی تم کیا ہو، یار کیا آدمی ہو۔’

پیراگلائیڈر ٹرینر کا نام جگا ہے اور وہ گذشتہ 20 برس سے پیراگلائیڈنگ سے منسلک ہیں۔ ان کا تعلق انڈیا کے شہر پونے سے ہے۔

ویڈیو میں وِپن اور جگا کی گفتگو تو سب نے سنی ہے لیکن کیا لینڈنگ کے بعد وِپن کی جانب سے زیادہ معاوضہ دینے کی آفر جگا نے قبول کی یا نہیں؟

جس پر وِپن نے قہقہ لگاتے ہوئے وتاتے ہیں کہ ‘پوچھیے مت دراصل پیراگلائیڈنگ کے لیے سیٹ آرام دہ نہیں تھی جس کے وجہ سے میں صحیح طریقے سے بیٹھ نہیں سکا۔ جبکہ جگا بھائی کا کہنا تھا کہ میں نے بیس برسوں میں تم جیسا شخص پہلی مرتبہ دیکھا ہے۔’

وِپن نے بتایا کہ ‘لینڈ کروانے کا جو معاوضہ میں نے فضا میں انھیں آفر کیا تھا وہ انھوں نے نہیں لیا بلکہ وہ بہت ایماندار تھے۔’

کچھ افراد نے اس ویڈیو پر اظہار رائے کرتے ہوئے سوال اٹھائے تھے کہ یہ ویڈیو حقیقت پر مبنی نہیں ہے اور اس پوری ویڈیو کے دوران سیلفی سٹک وِپن کے ہاتھ سے کیوں نہ گری؟ اس کے جواب میں وِپن کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیو بالکل اصلی ہے اور سیلفی سٹک ان کی کمر کے ساتھ بندھی ہوئی تھی۔

‘جس وقت مجھے ٹرینر پیر اوپر کرنے کا کہہ رہا تھا اس وقت مارے خوف کے مجھے کچھ سمجھ نہیں آ رہا تھا۔’

اس ویڈیو کے وائرل ہونے سے متعلق وِپن کا کہنا تھا کہ یہ ویڈیو سب سے پہلے ان کے بھائی پون نے اپنے یوٹیوب چینل پر اپ لوڈ کی تھی جس کے بعد یہ وائرل ہو گئی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp