’ایک بات پوچھوں ، مارو گے تو نہیں؟ تم لوگوں نے مارنا کہاں سے سیکھا ہے‘ صلاح الدین ایوبی کا مرنے سے پہلے پولیس سے سوال


پولیس حراست کے دوران جان کی بازی ہارنے والے اے ٹی ایم کارڈ چرانے والے ملزم صلاح الدین ایوبی کی ایک ایسی ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں وہ پولیس اہلکاروں سے ان کے تشدد کے طریقوں کے بارے میں سوال کر رہا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ متوفی ملزم ایک کرسی پر بیٹھا ہوا ہے جبکہ دوسری جانب پولیس اہلکار جو کہ نظر نہیں آرہے، بیٹھے ہوئے ہیں اور اس سے سوالات کر رہے ہیں۔

ملزم نے گرفتاری کے وقت گونگا ہونے کا ڈرامہ رچایا تھا لیکن جب پولیس نے روایتی پنجاب پولیس والے حربے آزمائے تو فر فر بولنے لگا تھا۔ ویڈیو بنانے والے پولیس اہلکار نے ملزم صلاح الدین سے سوال پوچھا کہ اس نے گونگوں کے اشارے کہاں سے سیکھے ہیں جس پر ملزم نے بتایا کہ اسے خود ہی یہ سب آگیا ہے۔

پنجابی زبان کی اس ویڈیو میں متوفی ملزم صلاح الدین نے پولیس اہلکاروں سے اجات مانگتے ہوئے رندھے ہوئے گلے کے ساتھ سوال پوچھا ’اک گل کراں میں، مارو گے تے نئیں، پکی گل اے، تسی لوکاں نے مارنا کِتھوں سِکھیا اے؟ ۔ ‘ ( ایک بات کروں میں، ماروگے تو نہیں، پکی بات ہے، آپ لوگوں نے مارنا کہاں سے سیکھا ہے ) ۔

خیال رہے کہ فیصل آباد میں اے ٹی ایم مشین نے کارڈ چرانے والے ملزم صلاح الدین کی سی سی ٹی وی ویڈیو وائرل ہوئی تو اسے ہفتہ کے روز رحیم یار خان سے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا تھا۔ ملزم نے دوران تفتیش اعتراف کیا تھا کہ وہ شیخو پورہ کے ایک گروہ کو 40 سے 50 ہزار روپے میں چوری شدہ ڈیبٹ کارڈز فروخت کرتا تھا۔ ملزم نے کئی وارداتوں کا اعتراف بھی کیا تھا۔

اتوار کو ملزم حوالات میں اچانک طبیعت خراب ہونے کے باعث دم توڑ گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم صلاح الدین کا ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا، وہ حوالات میں عجیب وغریب حرکتیں کرتا رہا، اچانک طبیعت خراب ہونے پر ہسپتال لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ پولیس کا کہنا ہے ملزم کے مرنے کی وجوہات کا علم پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی ہو گا۔  بشکریہ ڈیلی پاکستان۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).