حزب اللہ کے لبنانی علاقے سے اسرائیل پر راکٹ حملے


لبنان

ایسی تصاویر سامنے آئی ہیں جو بظاہر لبنان کے علاقے ماروان الراس پر اسرائیلی حملوں کے بد کا منظر پیش کر رہی ہیں

لبنان کے عسکریت پسند گروہ حزب اللہ نے اسرائیل کے شمالی علاقے میں متعدد ٹینک شکن راکٹ داغے ہیں اور یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ ان حملوں میں اسرائیلی فوج کو جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے تاہم اسرائیل نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔

حزب اللہ کی جانب سے اتوار کو کی جانے والی یہ کارروائی گذشتہ ہفتے بیروت میں اسرائیلی ڈرون حملے کا ردعمل قرار دی جا رہا ہے۔

اسرائیل کے فوجی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اُس کے ایک فوجی اڈے اور فوجی گاڑیوں کی جانب راکٹ داغے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

شام کے بعد اسرائیل کی ’لبنان میں بھی کارروائی‘

’اسرائیل کا دمشق میں حزب اللہ کے اسلحہ ڈپو پر حملہ‘

’اسرائیل کی کوششوں کے باوجود جدید راکٹ حاصل کر لیے‘

حسن نصراللہ کے بیٹے ’خصوصی طور پر نامزد کردہ دہشت گرد‘ قرار

حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ شام میں اُس کے دو کارکنوں کی ہلاکت کے جواب میں اس حملے میں متعدد اسرائیلی فوجی زخمی اور ہلاک ہوئے ہیں تاہم اسرائیل نے ان خبروں کی تصدیق نہیں کی۔

حزب اللہ کے حملے کے بعد اسرائیل نے جوابی کارروائی میں جنوبی لبنان میں کچھ مقامات کو نشانہ بھی بنایا ہے۔

حزب اللہ کی جانب سے چلائے جانے والے المنار ٹی وی پر آنے والی خبروں کے مطابق اسرائیلی گولے جنوبی لبنان کے گاؤں ماروان الراس پر گرے اور اس علاقے میں اسرائیلی ہیلی کاپٹر بھی اُڑ رہے تھے۔

لبنانی فوج کے مطابق 40 گولے گاؤں کے گرد کھلے علاقوں میں گرے۔

اسرائیل

اسرائیل نے لبنان کے ساتھ لگنے والے سرحدی علاقوں میں ٹینک بھیجے ہیں

لبنان کی فوج نے اس سے پہلے کہا تھا کہ ایک اسرائیلی ڈرون ملک کی فضائی حدود میں داخل ہوا اور اُس نے سرحدی علاقے میں موجود جنگل میں کچھ آتش گیر مواد گرایا ہے۔ اسرائیل نے اس بات کا اعتراف کیا کہ اُس نے آگ لگائی ہے۔

دوسری جانب اسرائیلی خبر رساں ویب سائیٹ وائی نیٹ کے مطابق اسرائیل کی دفاعی فورسز آئی ڈی ایف نے مقامی رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت دی ہے اور سرحد کے گرد بلدیہ کو بم شیلٹر کھولنے کا کہا ہے۔

اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی اہداف پر حزب اللہ کے حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔

اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو نے صحافیوں کو بتایا کہ حملے میں کوئی اسرائیلی زخمی یا ہلاک نہیں ہوا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے ٹوئٹر پر شائع کردہ پیغام میں بھی کہا گیا ہے کہ لبنانی سرحد پر حزب اللہ کی کارروائی میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

حزب اللہ نے اس حملے میں ایک ٹینک کی تباہی اور اس پر سوار افراد کو ہلاک اور زخمی کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

اسرائیل نے اس کارروائی کے بعد لبنان کے سرحدی علاقے میں بھی گولہ باری کی ہے۔ حزب اللہ کے حامی المیادین ٹی وی کے مطابق تنظیم ’اسرائیلی ردعمل کے لیے تیار تھی۔

المیادین ٹی وی کے مطابق ‘مزاحمت نے متناسب اور متوازن راہ اختیار کی اور بات کو بڑھاوا نہیں دیا گیا۔’

عرب ذرائع ابلاغ کے مطابق لبنان اور اسرائیل کے وزرائے اعظم نے حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے امریکہ اور فرانس سے معاملے میں دخل اندازی کے لیے کہا ہے جبکہ لبنان میں اقوامِ متحدہ کی نگران فورس نے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp