پوپ فرانسس لفٹ میں پھنس گئے، تاخیر پر عبادت کے لیے آنے والوں سے معذرت کر لی


پوپ فرانسس

پوپ فرانسس نے لفٹ میں پھنس جانے کی وجہ سے عبادت میں تاخیر سے آنے کے لیے معذرت کی

اتوار کو مسیحی برادری کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کو ہفتہ وار عبادت کے لیے آمد میں تاخیر ہو گئی جس پر انھوں نے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ لفٹ میں پھنس گئے تھے۔

82 سالہ پوپ فرانسس نے بتایا کہ وہ اچانک بجلی جانے کی وجہ سے 25 منٹ تک لفٹ میں پھنسے رہے جس کے بعد انھیں فائر فائٹرز نے وہاں سے نکالا۔

پوپ فرانسس نے ویٹیکن سٹی کے مرکزی چوراہے سینٹ پیٹرز سکوائر میں اپنے خطاب سے پہلے مسکراتے ہوئے لوگوں سے کہا ’میں تاخیر سے آنے کے لیے معذرت کرتا ہوں۔‘

اس کے بعد انھوں نے عوام سے کہا کہ وہ فائر فائٹرز کو تالیوں کے ساتھ خراجِ تحسین پیش کریں۔

یہ بھی پڑھیے

شام میں خونریزی کا فوری خاتمہ کریں: پوپ فرانسس

’پادریوں نے راہباؤں کے ساتھ جنسی زیادتیاں کیں‘

’بموں کی ماں‘ پر پوپ فرانسس کا اعتراض

اپنے خطاب میں پوپ فرانسس نے بتایا کہ وولٹیج میں کمی ہوئی تھی جس کے بعد لفٹ رک گئی۔

پوپ فرانسس کا کہنا تھا ’شکر ہے کہ فائر فائٹرز آ گئے۔ میں ان کا بہت شکرگزار ہوں۔ 25 منٹ کی محنت کے بعد وہ اسے دوبارہ چلا پانے میں کامیاب ہوگئے۔‘

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اٹلی کے ٹی وی نیٹ ورکس جو کہ اس ہفتہ وار عبادت کو براہِ راست نشر کرتے ہیں، اس حوالے سے تشویش کا شکار تھے کہ کہیں یہ غیر معمولی تاخیر طبی وجوہات کی بنا پر تو نہیں۔

اپنے خطاب میں پوپ فرانسس نے یہ بھی اعلان کیا کہ وہ اگلے ماہ دس نئے رومن کیتھولک کارڈینل مقرر کریں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp