پائلٹ کے بیہوش ہونے کے بعد تربیت حاصل کرنے والے پائلٹ نے طیارہ زمین پر اتار لیا


سیسنا طیارہ

تربیت حاصل کرنے والے پائلٹ نے کامیابی کے ساتھ سیسنا طیارہ برتھ کے ہوائی اڈے پر اتار لیا

آسٹریلیا میں جہاز اڑانے کی تربیت حاصل کرنے والے ایک طالب علم کو جہاز کا کنٹرول اس وقت سنبھالنا پڑا جب جہاز اڑاتے اڑاتے ان کے استاد پائلٹ بیہوش ہو گئے۔ طالب علم نے ائر کنٹرول سے رابطے کے بعد طیارے کو کامیابی کے ساتھ ہوائی اڈے پر اتار لیا۔

مغربی آسٹریلیا کے میکس سلویسٹر نے سنیچر کو پرواز کے ایک گھنٹے کے بعد ہی گبھرائی ہوئی آواز میں ائر ٹریفک کنٹرول کو ایک پیغام بھیجا کہ ان کے استاد بیہوش ہو گئے ہیں۔

پرتھ کے ہوائی اڈے کے آپریٹرز نے ان کی رہنمائی کی کہ طیارے کو کس طرح زمین پر اتارنا ہے۔

بعد میں سلویسٹر کی جلد ردِ عمل اور اپنے حواص پر قابو رکھنے کے لیے تعریف کی گئی۔

یہ بھی پڑھیے

امریکہ میں دورانِ پرواز پائلٹ کی موت

’انڈیا میں بڑھتے ہوئے شرابی پائلٹ‘

دنیا ایک پائلٹ کی نظر سے

اپنی ایمرجنسی کال میں انھوں نے طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کے لیے ہدایات لینے سے پہلے اپنے ٹیچر کی حالت ائر کنٹرول کو بتائی۔ بعد میں ان کی کال کی ریکارڈنگ منظرِ عام پر آ گئی۔

انھوں نے آپریٹر کو بتایا کہ ’میں انھیں اٹھانے کی کوشش کر رہا ہوں لیکن وہ متواتر گرتے جا رہے ہیں۔‘

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا انھیں سیسنا طیارہ اڑانا آتا ہے تو ان کا جواب تھا: ’یہ میرا پہلا سبق ہے۔‘

سلویسٹر نے اس فلائٹ سے پہلے صرف دو مرتبہ جہاز اڑانے کے سبق لیے تھے لیکن باقاعدہ جہاز اڑانے کا یہ ان کا پہلا تجربہ تھا۔

’یہ میرا پہلا سبق ہے‘: پائلٹ کی گفتگو کی ریکارڈنگ

پائلٹ: ایمرجنسی، ایمرجنسی، ایمرجنسی۔ یہ ٹینگو ہے، فوکس ٹروٹ، رومیو، کیا آپ مجھے سن سکتے ہیں؟

ائر ٹریفک کنٹرول (اے ٹی سی): ٹینگو، فوکس ٹروٹ، رومیو، میں آپ کو سن سکتا ہوں۔ کیا آپ کو جہاز اڑانا آتا ہے۔

پائلٹ: بہت بہت کم۔ یہ میرا پہلا سبق ہے۔

اے ٹی سی: کیا آپ کے انسٹرکٹر اس وقت ہوش میں نہیں۔

پائلٹ: وہ میرے کاندھے پر جھکے ہوئے ہیں۔ میں انھیں سیدھا کرنے کی کوشش کر رہا ہوں۔ وہ بار بار بار گرتے جا رہے ہیں۔

اے ٹی سی: ٹینگو، فوکس ٹروٹ، رومیو، کیا آپ نے پہلے کبھی خود یا کسی کے ساتھ جہاز لینڈ کیا ہے؟

پائلٹ: نہیں، میں نے نہیں کیا۔

اے ٹی سی: پاور بند کر دیں، پاور بند کر دیں، پاور بند کر دیں۔ طیارے کی ناک ذرا اوپر اٹھائیں اور آپ زمین پر اتر رہے ہوں گے۔ آپ نے یہ کر لیا ہے دوست۔ بہت خوب۔ یہ زبردست ہے، آپ نے بہت اچھا کیا ہے۔ بس اس رن وے پہ آ جائیں اور ہم تمام گاڑیوں کو رن وے پر آپ سے ملنے کے لیے بھیج دیں گے۔

پرتھ کے جنداکوٹ ہوائی اڈے کے گرد تقریباً ایک گھنٹہ پرواز اور اترنے کی مشق کے بعد انھوں نے حفاظت کے ساتھ طیارے کو رن وے پر اتار لیا جہاں ان کا خاندان اور ایمرجنسی کا عملہ ان کا انتظار کر رہا تھا۔

انسٹرکٹر کو ہسپتال پہنچا دیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔

سلویسٹر نے ایک نیوز کانفرنس میں کہا: ’اگر میں نے پڑھا نہ ہوتا تو میں یہاں نہ ہوتا۔ یہ ایک حقیقت ہے۔‘

’اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ میں جہاز نہیں اڑاؤں گا۔ آپ کو یہ اس لیے کرنا ہوتا ہے کیونکہ آپ اپنے بچوں کو دکھاتے ہیں کہ آپ کو اس طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘

فلائٹ سکول کے مالک چک مک ایلوی کا کہنا ہے کہ ’طیارے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔ حقیقت کی بات تو یہ ہے کہ یہ مکمل لینڈنگ تھی۔‘

انھوں نے طالب علم پائلٹ اور ٹاور کی تعریف کی اور کہا: ’میں آپ کو بتا رہا ہوں، آپ کو اس طرح کا تعاون اکثر نہیں ملتا۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp