بریگزٹ: برطانیہ میں بورس جانسن اور پارلیمان آمنے سامنے، نئے انتخابات کی بازگشت


وزیر اعظم بورس جانسن

PA Media

برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن اور برطانوی پارلیمان پیر کو آمنے سامنے ہوں گے اور ملک میں وزیر اعظم ہاؤس 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے حکام نے متنبہ کیا ہے کہ ناکامی کی صورت میں وزیر اعظم 14 اکتوبر کو ملک میں عام انتخابات کا فیصلہ کر دیں گے۔

حکمران کنزرویٹیو پارٹی کے کچھ باغی ارکان اور لیبر پارٹی کے ارکان برطانیہ کی 31 اکتوبر کو بغیر کسی معاہدے کے یورپی یونین سے علیحدگی کو روکنے کے لیے ایک بِل منظور کروانا چاہتے ہیں۔

اس بِل کے تحت یورپی یونین سے علیحدگی یا بریگزٹ کا عمل مکمل ہونے کی تاریخ 31 اکتوبر سے بڑھ کر 31 جنوری 2020 ہو جائے گی۔

یہ بِل وزیر اعظم کو پابند کرے گا کہ وہ یورپی یونین سے تاریخ بڑھوانے کی درخواست کریں۔

مزید پڑھیے

بریگزٹ یا نیا وزیراعظم؟

بریگزٹ اکتوبر تک موخر کرنے پر اتفاق

بریگزٹ سے غیرملکیوں کے لیے کیا بدلے گا؟

سونیا خان کی برطرفی، برطانوی حکومت کا نیا تنازع

اس سے بچنے کی دو صورتیں ہیں کہ ارکان پارلیمان 19 اکتوبر سے پہلے بغیر کسی معاہدے کے برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے حق میں ووٹ دے دیں یا پھر وہ کوئی نیا معاہدہ منظور کر لیں۔

برطانوی وزیر اعظم اپنا موقف واضح کر چکے ہیں کہ یورپی یونین سے کوئی معاہدہ ہو یا نہ ہو 31 اکتوبر کو برطانیہ یورپی یونین سے الگ ہو جائے گا۔

بریگزٹ

وزیر اعظم بورس جانسن نے پیر کو ٹی وی پر ایک اعلان میں کہا تھا کہ وہ 17 اکتوبر کو یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں علیحدگی کے موجودہ معاہدے میں تبدیلیاں منظور کروا سکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے کہا کہ اگر ارکان پارلیمان بغیر کسی معاہدے کے الگ ہونے کے امکان کو رد کر دیں گے تو اس سے ان کی یورپی یونین میں مذاکرات کے دوران پوزیشن کمزور ہو جائے گی۔

وزیر اعظم نے پیر کو 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے باہر کہا تھا کہ وہ کسی صورت میں بریگزٹ میں مزید ’کسی بے مقصد التوا‘ کا مطالبہ نہیں کریں گے۔

بورس جانسن کہہ چکے ہیں کہ وہ نئے انتخابات نہیں چاہتے لیکن وزیر اعظم ہاؤس کے ذرائع کے مطابق اگر منگل کو ارکان پارلیمان نے معاملات اپنے ہاتھ میں لے لیے تو 14 اکتوبر کو نئے انتخابات کا فیصلہ کیا جائے گا۔

وزیر اعظم بورس جانسن پہلے ہی ملک کی پارلیمان کو معطل کرنے کا اعلان کر چکے ہیں جس پر اگلے ہفتے سے عمل درآمد ہو گا اور یہ معطلی 14 اکتوبر تک ہو گی۔

بریگزٹ

پارلیمان کی معطلی اور عدالتیں

برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے معاملے میں عدالتیں بھی اب شامل ہو چکی ہیں۔ سکاٹ لینڈ کی سب سے اعلیٰ سول عدالت میں منگل کو پارلیمان کو معطل کرنے کے فیصلے کے خلاف درخواست کی سماعت ہو گی۔ درخواست سکاٹش نیشنل پارٹی کی رکن پارلیمان جو اینا چیری اور 47 دیگر ارکان کی طرف سے دائر کی گئی ہے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ بورس جانسن کا فیصلہ غیر قانونی ہے کیونکہ پارلیمان کی معطلی حقیقت میں سیاسی جوابدہی یا احتساب کے عمل میں رکاوٹ ہے اور اس سے بریگزٹ پر بحث اور مختلف امکانات کا جائزہ لینے کے مواقع ختم ہو جاتے ہیں۔

برطانوی حکومت کے مطابق اس کا فیصلہ قانون کے مطابق ہے۔ منگل کی کارروائی پر فیصلہ بدھ کو سنایا جائے گا۔

بریگزٹ

برطانوی پاؤنڈ بمقابلہ ڈالر

برطانوی پاؤنڈ منگل کو تین سال میں ڈالر کے مقابلے میں اپنی سب سے کم قیمت پر پہنچ گیا۔ ڈالر کے مقابلے میں اس کی قیمت 1.20 اور یورو کے مقابلے میں ایک اعشاریہ دس سے کم تھی۔

برطانوی کرنسی

برطانوی پاؤنڈ منگل کو تین سال میں ڈالر کے مقابلے میں اپنی سب سے کم قیمت پر پہنچ گیا

رابوبینک کی تجزیہ کار جین فولی نے بی بی سی کو بتایا کہ بغیر کسی معاہدے کے بریگزٹ کے امکانات کم ہونے سے پاؤنڈ کی قیمت اوپر جاتی ہے لیکن الیکشن کا رد عمل بالکل مختلف ہو گا۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32501 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp