فیڈرل بورڈ آف ریونیو: ’انکم ٹیکس ریٹرن ری فنڈ محض دھوکا ہے‘


ایف بی آر پاکستان

پاکستان میں انکم ٹیکس فائلر افراد میں سے اگر کسی کے پاس اِن باکس میں ’ری فنڈ ایٹ دے ریٹ آف ایف بی آر ڈاٹ کو ڈاٹ پی کے‘ سے یہ ای میل آئی ہے کہ آپ انکم ٹیکس ری فنڈ کے اہل ہیں اور اس کے ساتھ میں ایک لنک بھی موجود ہے جس میں اس کو کلک کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے تو یقین جانیں اس میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا کہنا ہے کہ یہ صرف دھوکہ ہے۔ ایف بی آر کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے سسٹم سے یہ ای میل جاری نہیں ہوئی، انھوں نے ایف آئی اے سائبر کرائم کو اس کی شکایت کر دی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

بجٹ 2019: اب کون کتنا انکم ٹیکس دے گا؟

پی ٹی آئی کی ٹیکس ایمنسٹی سکیم میں نیا کیا ہے؟

پی ٹی آئی کی ٹیکس ایمنسٹی سکیم میں نیا کیا ہے؟

100 روپے کے کارڈ سے 40 روپے جاتے کہاں ہیں؟

انکم ٹیکس ری فنڈ ملتا کیسے ہے؟

آپ پر جتنا ٹیکس واجب الادا ہے اور اگر آپ نے اس سے زیادہ ادا کر دیا ہے تو آپ ٹیکس ری فنڈ کا دعویٰ کرنے کے اہل ہو سکتے ہیں۔

ایف بی آر کے مطابق ری فنڈ اس صورت میں ہی مل سکتا ہے اگر آپ نے انکم ٹیکس ریٹرن آن لائن جمع کرایا ہو تاہم ہاتھ سے ٹیکس ریٹرن جمع کروانے والے افراد ری فنڈ سے مستفید نہیں ہو سکتے ہیں۔

انکم ٹیکس ری فنڈ کے لیے ایک علیحدہ سے درخوست ایف بی آر کے سافٹ ویئر نظام سے پر کی جاتی ہے اور اس درخواست کا سٹیٹس دیکھنے کے لیے ریجنل انکم ٹیکس دفتر جانا ہوتا ہے۔

درخواست فارم میں یہ بتانا ہوتا ہے کہ گذشتہ مالی سال میں اس شخص کو کتنی آمدنی ہوئی اور اس نے آمدنی پر کتنا ٹیکس ادا کیا۔؟

ٹیکس

ایف بی آر کے قاعدے کے مطابق اگر انکم ٹیکس ری فنڈ کا دعویٰ مقررہ تاریخ کے بعد کیا گیا ہے تو اس شخص کو ادائیگی نہیں کی جائے گی۔

ٹیکس ریٹرن جمع کراتے وقت خیال رکھیں

ایف بی آر کے سافٹ ویئر میں جب آپ تمام انکم ٹیکس ریٹرن کرا دیں گے اور ’ٹیکس پیڈ اینڈ ویری فیکیشن‘ بٹن کو دبائیں گے تو سسٹم خود کار نظام کے ذریعے ری فنڈ کا تخمینہ لگائے گا اور ری فنڈ کی لائن میں یہ رقم دیکھی جا سکتی ہے۔

آپ کے اپ لوڈ کیے گئے تمام دستاویزات کی ایف بی آر کا متعلقہ شعبہ چھان بین کرے گا جس کے بعد آپ کے ری فنڈ کے دعوے کو تسلیم، ترمیم یا پھر مسترد کرے گا۔

انکم ٹیکس ری فنڈ کے لیے سسٹم میں ترمیم

پاکستان میں انکم ٹیکس ری فنڈ کی واپسی میں کئی سال تاخیر کی شکایات سامنے آتی رہی ہیں۔

وزیر اعظم کے مالی اور محصولات کے بارے میں مشیر ڈاکٹر حفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ پچھلے سالوں میں ایک لاکھ تک مالیت کے ایک ارب 70 کروڑ روپے کے ری فنڈ فوری جاری کر دیے گئے ہیں جبکہ ایک لاکھ سے پانچ لاکھ مالیت کے ری فنڈ کے لیے کارروائی جاری ہے جو اگلے ماہ تک جاری کر دی جائے گی۔

ترجمان کے مطابق انکم ٹیم ری فنڈ کی بھی ایک مرکزی ڈپازیٹری بنا رہے ہیں جس طرح سیلز ٹیکس کی واپسی کے لیے بنائی گئی ہے اس سے ڈپیلیکیشن اور اختیارات کے غلط استعمال کی شکایت بھی دور ہو جائے گی۔

پاکستانی کرنسی

تنخواہ دار طبقہ آخری اولیت

نامور چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ اشفاق تولہ کا کہنا ہے کہ تنخواہ سے ود ہولڈنگ ٹیکس کٹ رہا ہوتا ہے، اس میں کوئی فرق نہیں آتا ہے جبکہ تجارت میں ود ہولڈنگ ٹیکس مختلف شرح سے کٹتا ہے۔

’میں نے آپ سے کوئی مال لیا یا دیا تو 100 روپے ٹیکس بنا جبکہ مجھ پر اس کی ادائیگی 90 روپے بنتی ہے بعد میں مجھے دس رپے کا ری فنڈ ملے گا کیونکہ تجارت میں ٹیکس مختلف ذرائع سے کٹ رہا ہوتا ہے اس کا پتہ آخر میں جا کر چلتا ہے جب پورے سال کا اکاؤنٹ بنایا جاتا ہے۔

انکم ٹیکس قوانین کے ماہر ایڈووکیٹ میر ارشد کا کہنا ہے کہ موجودہ پالیسی میں بھی اولیت ایکسپورٹروں کو حاصل ہے، دوسرے نمبر پر سیلز ٹیکس کے صارفین ہیں اور تنخواہ دار طبقہ تیسرے درجے پر آتا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان کی حالیہ مردم شماری کے مطابق ملک کی آبادی 20 کروڑ سے زائد نفوس پر مشتمل ہے۔ ایف بی آر کے مطابق رواں سال مئی تک ٹیکس فائلروں کی تعداد 19 لاکھ سے کچھ زیادہ تھی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp