مراکشی جنگلی درخت اورحسن و جمال سے وابستہ دیہی معیشت


آرگن کے جنگلی درخت اب مراکشی دیہی معیشت کے لئے سونے کی کان ثابت ہونے لگے ہیں۔ آرگن ایک کیکر کی طرح کا ایک کانٹے دار درخت ہے جو ایسے صحرائی علاقوں کے لئے موزوں ہے جہاں سردیوں میں سردی ہوتی ہو اور گرمیوں میں سخت گرمی۔ مراکشی ثقافت میں اس درخت کے پھل کے بیج سے نکالے جانے والا تیل جلد کی دیکھ بھال کے لئے قدیم زمانے سے استمعال ہوتا ہے۔ اس تیل کے اجزاء جلد خاص طور سے وٹامن ای اور کیروٹین جلد کے لئے ٹانک کا کام کرتے ہیں۔

شاید مراکشی لوگوں کی خوبصورت جلد کا راز آرگن کا تیل ہی ہے۔ کچھ عرصے پہلے آرگن کے تیل کی خصوصیات کی خبر مغرب تک پہنچی تو خوبصورتی کی مصنوعات بنانے والی کمپنیوں نے اس تیل سے بہت سی مصنوعات تیار کرنا شروع کردیں۔ مغربی دنیا میں اس تیل کی مانگ نے آرگن کے درختوں کو مالکان کو خوشحال کرنا شروع کردیا ہے۔ مراکشی حکومت نے دیہی علاقوں میں اس تیل کی مصنوعات بنانے کے لئے خواتین کی کو آپریٹو سوسائٹیوں کی بہت حوصلہ افزائی کی ہے۔

ملک بھر میں موجود یہ کو آپریٹوز آرگن تیل کا صابن، شیمپو، اور اس کے روسٹ ہوئے بیجوں سے کھانے کے قابل تیل اندورن ملک اور بیرون ملک فروخت کرتی ہیں۔ کچھ عرصہ پہلے تک کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا تھا کہ ویلیو ایڈیشن کا عمل دیہی خواتین کی زندگی کا معیار بدل دے گا۔ ہم نے مراکش کی سیاحت کے دوران آرگن کا تیل تحفے کے طور پر خریدا تھاجو اپنے دوستوں میں بطور تبرک تقسیم کیا تھا۔ پاکستان میں بھی بہت سے درخت جیسے نیم وغیرہ سے بہت سی ویلیو ایڈڈ اشیا بنا کر بہت سے افراد کی زندگی میں خوشحالی لانا ممکن ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).