بریگزٹ: بورس جانسن نے ممبر پارلیمان سے اکتوبر کے عام انتخابات کے لیے حمایت مانگ لی


جانسن

برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے اراکین پارلیمنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ 15 اکتوبر کو قبل از وقت عام انتخابات کروانے کے منصوبے کی حمایت کریں۔

وزیر اعظم نے قبل از وقت انتخابات کے لیے برطانوی دارالعوام میں ایک قرارداد پیش کی ہے جس کو کامیابی کے لیے دوتہائی ارکان پارلیمنٹ کی حمایت کی ضرورت ہے۔

لیکن لیبر پارٹی، ایس این پی اور لبرل ڈیموکریٹس کا کہنا ہے کہ وہ اس قرارداد کی حمایت میں ووٹ نہیں ڈالیں گے۔

اس سے پہلے ارکان پارلیمان نے بورس جانسن کی جانب سے یورپی یونین کے ساتھ 31 اکتوبر سے پہلے بغیر کسی معاہدے کے بریگزٹ کے خلاف بل کی منظوری دی تھی۔

بورس جانسن نے اسے ایک ‘ہتھیار ڈالنے والا بل’ قرار دیا ہے جو ایک نئے معاہدے پر مذاکرات کے لیے انھیں کمزور کر دے گا۔

لیکن یہ بل حزب اختلاف کی جماعتوں اور ٹوری باغی ارکان کی حمایت کے ساتھ دارلعوام میں ایک ہی دن میں تمام مراحل سےگزر کر منظور ہو گیا ہے۔ اب یہ بل منظوری کے لیے دارالامرا میں بھیجا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیے

بریگزٹ: دارالعوام میں جانسن کی شکست، اب آگے کیا ہوگا؟

’بریگزٹ میں تاخیر پر مجبور کیا گیا تو انتخابات ہوں گے‘

بریگزٹ یا نیا وزیراعظم؟

بریگزٹ اکتوبر تک موخر کرنے پر اتفاق

جانسن

پارلیمان کے اراکین اب اس تحریک پر بحث کر رہے ہیں کہ جمعرات کو اس بل کو کس طرح آگے بڑھایا جاسکتا ہے۔ لیکن بریگزٹ کے حامی اراکین نے اس پیشرفت کی رفتار سست کرنے کے لیے 100 سے زائد ترامیم کی ہیں۔

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے منگل کو متنبہ کیا تھا کہ اگر بل اس مرحلے میں آتا ہے تو وہ فکسڈ ٹرم پارلیمنٹس ایکٹ کے تحت انتخابات کے لیے تحریک کے ساتھ دارلعوام میں واپس آجائیں گے۔

بورس جانسن نے تحریک پیش کرتے ہوئے کہا اس بل کے تحت بغیر معاہدے کے ‘سنجیدہ مذاکرات’ کو روکنے کی منظوری دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ اس سے وہ یورپی یونین کے سامنے ‘ہتھیار ڈالنے’ پر مجبور ہوں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘میں نے ایسا کرنے سے انکار کیا ہے اور یہ بات واضح ہے کہ ملک کے لیے آگے بڑھنے کا ایک ہی راستہ باقی ہے۔’

‘میرے خیال میں اور اس حکومت کے نزدیک اب منگل 15 اکتوبر کو انتخابات ہونا ضروری ہیں۔’

لیکن لیبر پارٹی کے رہنما جیرمی کوربن کا کہنا ہے کہ وزیراعظم بورس جانسن کی انتخابات کی پیش کش ‘ایک چالاک ملکہ کی جانب سے سنو وائٹ کو سیب کی پیش کش کے مترادف ہے …یعنی بنا کسی معاہدے کے زہر کی پیش کش۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32290 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp