کوئٹہ: دو بم دھماکے، کم از کم ایک شخص ہلاک، 10 زخمی


پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں جمعرات کی شب یکے بعد دیگرے دو بم دھماکوں میں کم از کم ایک شخص ہلاک اور دس افراد زخمی ہوگئے ۔

نامہ نگار محمد کاظم کے مطابق زخمیوں میں دنیا نیوز کے کیمرہ مین اور فوٹو گرافر کے علاوہ پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

ایک پولیس اہلکار نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ دونوں دھماکے اسمگلی روڈ پر خیزی چوک کے علاقے میں ہوئے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ پہلا دھماکہ اس علاقے میں واقع ٹرانسپورٹ کمپنی کے دفتر میں ہوا جس میں دو افراد زخمی ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دھماکے کے بعد جب پولیس اہلکار، رضاکار اور میڈیا سے تعلق رکھنے والے رپورٹر اور کیمرہ مین جائے وقوعہ پر پہنچے تو دوسرا دھماکہ ہوا۔

ترجمان نے بتایا کہ دھماکے میں ریسکیو سروس چیپا کا ایک رضاکار ہلاک جبکہ 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

زخمیوں میں نجی نیوز چینل دنیا نیوز کے رپورٹر ابرار احمد اور کیمرہ مین رحمت اللہ کے علاوہ ایس ایچ او خروٹ آباد اور ایس ایچ او ایئرپورٹ روڈ بھی شامل ہیں۔

لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ دونوں ایس ایچ او کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

بلوچستان حکومت کے ترجمان کے مطابق دونوں دھماکوں کی نوعیت کے بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔

کوئٹہ شہر میں خیزئی چوک پر ان بم دھماکوں کے واقعات مشرقی بائی پاس کے علاقے میں سیکورٹی فورسز کی اس کارروائی کے تقریباً 38 گھنٹے بعد پیش آئے جس میں ایک خاتون سمیت 6 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

پولیس حکام کے مطابق اس کارروائی میں مارے جانے والے تمام افراد شدت پسند تھے۔

پولیس کا کہنا ہے ان شدت پسندوں میں سے دو نے اپنے آپ کو اڑا دیا تھا جبکہ باقی چار افراد فائرنگ کے تبادلے میں مارے گئے تھے ۔

اس کارروائی کے دوران ایک پولیس اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی بھی ہوئے تھے۔

کوئٹہ شہر میں رواں سال بھی اب تک بم دھماکوں کے 6 سے زیادہ واقعات پیش آ چکے ہیں جن میں ایک درجن سے زیادہ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں۔

تاہم حکام کا کہنا ہے کہ پہلے کے مقابلے میں کوئٹہ شہر میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp