بالی وڈ اداکارہ سارہ علی خان نے اپنا مذاق اڑایا


بالی وڈ اداکارہ سارہ علی خان نے بدھ کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ایک تصویر پوسٹ کی۔ اس تصویر میں انھیں ان کی ماں امریتا سنگھ کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

امریتا سنگھ اور سیف علی خان کی صاحب زادی سارہ علی خان کی یہ تصویر دیکھ کر یہ یقین کرنا مشکل ہے کہ وہ تصویر سارہ کی ہی ہے۔ یہ تصویر اس دور کی ہے جب ان کا وزن موجودہ وزن سے بہت زیادہ ہوا کرتا تھا۔

اس تصویر میں سارہ اپنی موجودہ تصاویر سے اتنی زیادہ مختلف دکھ رہی ہیں کہ یقین کرنا مشکل ہے کہ یہ ان ہی کے ماضی کی تصویر ہے۔

https://www.instagram.com/p/B1-7puxlM2u/

انسٹاگرام پر اس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے سارہ علی خان نے لکھا تھا کہ ’تھرو بیک۔۔۔۔ جب مجھے تھرو بیک (پھینکا) نہیں کیا جا سکتا تھا۔‘

انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی اس تصویر کو دو ہی دن میں بیس لاکھ سے زیادہ صارفین لائک کر چکے اور بیس ہزار سے زیادہ صارفین اس پر اپنی رائے کا اظہار کر چکے۔

اس تصویر پر پہلا کمینٹ بالی وڈ اداکار کارتک آرین نے کیا۔

کارتک نے کمینٹ کیا کہ ’یہ لڑکی سارہ علی کی طرح نظر آ رہی ہے۔‘

کارتک کے علاوہ بالی وڈ کے دیگر فنکاروں نے بھی سارہ کی تصویر پر تبصرہ کیا ہے۔ شردھا کپور نے لکھا کہ ’کتنا شاندار سفر رہا ہے آپکا۔۔۔ آپ کو سلام۔‘

ایوشمان کھرانہ نے بھی انھیں ان کے وزن کم کرنے کے سفر کے لیے مبارک باد دی ہے۔

یہ بھی پڑھیے

سیف علی خان اپنی بیٹی کے بارے میں فکر مند کیوں؟

شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان ہیرو نہیں بننا چاہتے

’96 کلو وزن کے ساتھ ہیروئن کیسے بن سکتی تھی’

موٹاپا تمباکو نوشی سے زیادہ کینسر کا باعث

ایک جانب جہاں ان کی تصویر پر تبصرہ کرنے والے زیادہ تر افراد نے سارہ کو ان کے وزن کم کرنے کے سفر پر مبارکباد دی ہے، وہی دوسری جانب متعدد افراد ان سے ان کی ڈائٹ کے بارے میں بھی سوالات کر رہے ہیں۔

بہت سے لوگوں نے ان سے کمینٹ باکس میں پوچھا ہے کہ انھوں نے اتنا وزن کس طرح گھٹایا ہے۔ وہ کیا کھاتی ہیں اور اتنی فٹ کس طرح رہتی ہیں۔

سارہ علی خان نے اپنا پہلا سولو انٹرویو بی بی سی ایشین نیٹ ورک کو دیا تھا جس میں بی بی سی نامہ نگار ہارون رشید نے ان سے ان کی زندگی، والدین کے درمیان تعلقات اور ان کے فلموں میں آنے کے بارے میں بات کی تھی۔

اسی انٹرویو میں سارہ نے اپنے وزن کے بارے میں بھی بات کی تھی۔

سارہ نے بتایا تھا کہ آج جب وہ خود کو دیکھتی ہیں تو کئی بار ان کے لیے خود یقین کرنا مشکل ہو جاتا ہے کہ وہ اس قدر بدل چکی ہیں۔ سارہ نے بتایا کہ ’کئی بار جب میں خود کو دیکھتی ہوں تو اپنے آپ کو بہت دل کش پاتی ہوں۔‘

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کے سکول اور کالج میں لوگ انھیں موٹی کہہ کر پکارتے تھے۔

وزن کم کرنے کے بارے میں انھوں نے بتایا کہ ’میں نے ممبئی آنے کے بعد وزن گھٹانے کے بارے میں نہیں سوچا۔ میں چار برس تک کولمبیا میں تھی۔ کالج کا دوسرا برس ختم ہونے تک میں طے کر چکی تھی کہ مجھے ایکٹنگ ہی کرنی ہے۔ اس سے پہلے تک میں سوچا کرتی تھی کہ میں وکالت کر لوں گی یا سیاست میں چلی جاؤں گی۔ اس دور میں میرا وزن 96 کلو تھا۔‘

سارہ نے یہ بھی بتایا کہ وزن کم کرنے کے لیے انھوں نے سب سے پہلے اپنی ڈائٹ کو کنٹرول کیا اور ساتھ ہی ورزش پر دھیان دینا شروع کر دیا۔

فلم کیدار ناتھ کے ساتھ بالی وڈ میں کریئر کا آغاز کرنے والی سارہ علی خان کی دو فلمیں ریلیز ہو چکی ہیں اور دونوں ہی باکس آفس پر کامیاب بھی رہیں۔ ان کی آنے والی فلموں میں ایک ’قلی نمبر ون‘ ہے جس میں وہ ورن دھون کے ساتھ نظر آئیں گی۔ دوسری فلم میں وہ کارتک آرین کے ساتھ جلووہ گر ہوں گی جسے امتیاز علی ڈائریکٹ کر رہے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32505 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp