شوبز ڈائری: ’میں جیسی ہوں ویسی ہی رہنا چاہتی ہوں‘


شوبز

بالی وڈ اداکار عامر خان نے سوشل میڈیا پر لوگوں سے کہا ہے کہ اگر جانے انجانے میں انھوں نے کبھی کسی کا دل دکھایا ہو تو انھیں معاف کر دیا جائے۔ آخر انھوں نے ایسا کیوں کہا؟

دراصل اس ہفتے جین مذہب کے مانننے والے اپنا ایک تہوار منا رہے تھے جس کے اختتام پر وہ اپنی اپنی غلطیوں کے لیے ایک دوسرے سے معافی مانگتے ہیں۔ اس موقع پر عامر خان نے بھی کھلی معافی مانگ کر اپنی شامت خود ہی بلا لی۔

عامر کی اس ٹویٹ کے بعد تو جیسے سوشل میڈیا کے جیالوں کو انھیں آڑے ہاتھ لینے کا موقع مل گیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے عامر کو معاف کرنے پر کئی شرطیں عائد کر دی۔

کسی نے کہا ’جاؤ معاف کیا لیکن وعدہ کرو کہ آئندہ ٹھگز آف ہندوستان جیسی فلم نہیں بناؤ گے۔‘

ایک صارف نے معافی کے بدلے اس فلم کے ٹکٹ کے پیسے واپس مانگے تو کسی نے لکھا ’جاؤ میں نے تمھیں ٹھگز آف ہندوستان جیسی فلم بنانے اور پائریٹ آف دی کریبین سیریز کے جانی ڈیپ کی احمقانہ نقل کرنے کے لیے معاف کیا۔‘

ایک اور صارف نے ٹھگز آف ہندوستان کے ساتھ ساتھ عامر کی فلم آگ، میلہ کو بھی نشانہ بنایا اور معافی دینے سے بھی انکار کر دیا۔ خان صاحب ٹھگز آف ہندوستان کی ناکامی کی ذمہ داری پہلے ہی اپنے سر لے چکے تھے اور اس کے لیے انھوں نے معافی بھی مانگ لی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

اب بالی وڈ سے مودی کیا چاہتے ہیں؟

’مجھے پاکستان بھیجنے کی کوشش نہ کریں‘

کیا ضمانت ہے کہ میکا پھر پاکستان نہیں جائیں گے؟

شوبز

’میں جیسی ہوں ویسی ہی رہنا چاہتی ہوں‘

اداکارہ زرین خان نے انوشکا شرما کا دل سے شکریہ ادا کیا ہے جنھوں نے سوشل میڈیا پر ٹرولز کے درمیان زرین کا حوصلہ بڑھایا تھا۔ زرین کی ایک تصویر جس میں ان کے پیٹ پر جھریاں نظر آ رہی تھیں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی اور کچھ لوگوں نے نامناسب انداز میں ان کا مذاق اڑانے کی کوشش کی۔

زرین کا کہنا تھا انھیں خوبصورت اور بہادر کہہ کر انوشکا نے ان کا حوصلہ بڑھایا ہے۔ زرین کا کہنا تھا کہ انوشکا ایک مضبوط اور پروقار شخصیت کی مالک ہیں۔

اپنی ایک اور پوسٹ میں زرین نے لکھا ’جن لوگوں کو یہ تجسس ہے کہ میرے پیٹ پر جھریاں یا نشان کیسے ہیں انھیں بتا دوں کہ یہ ایسے انسان کا پیٹ ہے جس نے 50 کلو سے زیادہ وزن کم کیا ہے، میں نے انھیں دور کرنے کے لیے کوئی سرجری نہیں کروائی۔ میں جیسی ہوں ویسی ہی رہنا چاہتی ہوں۔‘

سلمان عید پر کیا لے کر آئیں گے؟

شوبز

سلمان خان کی فلم انشاللہ تو ماشااللہ اب بند ہو گئی اور انڈین میڈیا میں ذرائع سے چھپنے والی خبروں کے مطابق فلسماز ساجد ناڈیاڈ والا کا کہنا ہے کہ کک ٹو پر ابھی تک کام شروع نہیں ہو سکا اور اگلی عید تک وہ محض سکرپٹ ہی تیار کر پائیں گے۔ لیکن سوال ہے کہ سلمان آئندہ عید پر اپنے فینز کے لیے کیا لے کر آئیں گے۔

یہی سوال اب ان کے مداحوں کے ذہن میں بھی ہے۔ تو کیا دبنگ تھری اب دسمبر کے بجائے عید پر ریلیز ہوگی؟

انڈین میڈیا سلمان کے نزدیکی ذرائع کے حوالے سے خبریں دے رہا ہے کہ سلمان نے دبنگ تھری کے ڈائریکٹر پربھو دیوا سے کہا ہے کہ اب یہ فلم دسمبر کی بجائے عید پر ریلیز ہو گی۔

حالانکہ پچھلے ہفتے سنجے لیلی بھنسالی کی فلم انشاللہ پر کام رکنے کے اعلان کے ساتھ ساتھ سلمان نے اگلی عید پر آنے کا وعدہ بھی کر لیا تھا۔ اب جب انھوں نے ارادہ کر ہی لیا ہے تو پھر وہ اپنی بھی نہیں سنیں گے۔

کرن جوہر کو پھر اقربا پروری کا طعنہ

کرن جوہر نے سوشل میڈیا پر فلم دوستانہ کی سیریز کے اگلے کردار کا تعارف کروایا تو لوگو ں نے ایک بار پھر انھیں اقربا پروری کا طعنہ دیا۔

کرن نے لکشے کا تعارف کرواتے ہوئے لکھا ’نیک خواہشات کے ساتھ لکشے کا خیر مقدم کریں جو دوستانہ ٹو کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔‘

شوبز

کرن کی اس ٹویٹ کے بعد لوگوں نے لکشے کے والد کا نام جاننے کی کوشش کی کہ بھائی یہ آپ کے کون سے سٹار دوست کا بیٹا ہے۔ کرن نے جواب میں لکھا کہ لکشے انڈسٹری کے باہر سے ہیں اور پہلے ٹی وی ڈراموں میں کام کر چکے ہیں اور باقاعدہ آڈیشن پاس کر کے آئے ہیں۔ اسے کہتے ہیں شہر میں اونٹ بدنام۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp