چندریان 2: انڈین چاند گاڑی وکرم کا زمین سے رابطہ منقطع


راکٹ

راکٹ کا وزن ایک بھرے پورے جمبو جیٹ کا ڈیڑھ گنا ہے

انڈیا کے خلائی جہاز چندرائن 2 کی چاند گاڑی وکرم کا چاند پر لینڈنگ کرنے سے کچھ دیر پہلے رابطہ ٹوٹ گیا ہے۔انڈین خلائی تحقیقاتی ادارے اسرو کے سائسندان چاند پر اپنا خلائی جہاز چندریان ٹو اتارنے کی کوشش کر رہے ہے۔

انڈین خلائی ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے صدر کے سیون نے مشن کے بارے میں کہا ہے کہ ’وکرم لینڈر منصوبے کے مطابق اتر رہا تھا اور چاند کی سطح سے 2.1 کلومیٹر دور سب کچھ معمول پر تھا۔ لیکن اس کے بعد اس کا رابطہ ختم ہو گیا۔ اعداد و شمار کا جائزہ لیا گیا ہے۔ ‘

انڈین وقت کے مطابق اس سیٹلائیٹ کی رات 1:30 بجے سے 2.30 بجے کے درمیان چاند کے جنوبی قطب پر لینڈنگ متوقع تھی۔ انڈیا کا چندریان ٹو خلا میں چھوڑے جانے کے ایک ماہ بعد 20 اگست کو چاند کے مدار میں داخل ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

انڈین خلائی مشن تکنیکی پیچیدگی کے باعث التوا کا شکار

انڈیا کا مشن چاند: چندرایان-2 کی رونمائی

انڈیا کا چندریان 2 چاند کے سفر پر روانہ ہو گیا

اب سے پہلے کوئی ملک چاند کے اس حصہ پر نہیں گیا۔ اس سلسلے میں انڈیا کے وزیر اعظم نریندر مودی انڈین خلائی تحقیقاتی ادارے اسرو پہنچ چکے ہیں۔

اگر انڈیا کو اس مشن میں کامیابی حاصل ہو جاتی ہے تو وہ سابق سوویت یونین، امریکہ اور چین کے بعد چاند کی سطح پر لینڈنگ کرنے والا چوتھا ملک بن جائے گا۔

یاد رہے کہ انڈیا کے چاند کے پہلے مشن چندرائن 1 نے ریڈارز کی مدد سے سنہ 2008 میں چاند کی سطح پر پانی کی پہلی اور سب سے مفصل تلاش کی تھی۔

یہ مشن آخر کس لیے ہے؟

انڈیا کا پہلا مشن ‘چندریان ون’ سنہ 2008 میں چاند کی سطح پر اترنے میں ناکام رہا تھا لیکن اس نے ریڈار کی مدد سے چاند پر پانی کی موجودگی کی پہلی اور سب سے تفصیلی دریافت کی تھی۔

‘چندریان ٹو’ چاند کے جنوبی قطب پر آہستہ سے اترنے کی کوشش کرے گا۔ خیال رہے کہ چاند کے اس حصے کو ابھی تک نہیں کھوجا جا سکا ہے۔

اس مشن کے تحت چاند کی سطح پر توجہ مرکوز کی جائے گی اور دوسری چیزوں کے ساتھ وہاں پانی اور معدنیات کی تلاش کی جائے گی جبکہ چاند پر آنے والے زلزلے کے بارے میں بھی تحقیق کی جائے گی۔

انڈیا اس مشن کے لیے اپنا سب سے مضبوط راکٹ جیو سنکرونس سیٹلائٹ لانچ وہیکل (جی ایس ایل وی) مارک تھری استعمال کر رہا ہے۔ اس کا وزن 640 ٹن ہے (جو کہ کسی بھرے ہوئے جمبو جیٹ 747 کا ڈیڑھ گنا ہے) اور اس کی لمبائی 44 میٹر ہے جو کہ کسی 14 منزلہ عمارت کے برابر ہے۔

اس سیٹلائٹ سے منسلک خلائی گاڑی کا وزن 379۔2 کلو ہے اور اس کے تین واضح مختلف حصے ہیں جن میں مدار پر گھومنے والا حصہ ‘آربیٹر’، چاند کی سطح پر اترنے والا حصہ ‘لینڈر’ اور سطح پر گھومنے والا حصہ ‘روور’ شامل ہے۔

مدار میں گردش کرنے والے حصے کی زندگی ایک سال کی ہے جو چاند کی سطح کی تصاویر لے گا اس کے ساتھ وہ وہاں کی مہین ماحول کو سونگھنے کی کوشش بھی کرے گا۔

سطح چاند پر اترنے والے حصے کا نام اسرو کے بانی کے نام پر ‘وکرم’ رکھا گیا ہے۔ اس کا وزن نصف ہے اور اس کے بطن میں 27 کلو کی چاند پر چلنے والی گاڑی ہوگی جس پر ایسے آلات نصب ہوں گے جو چاند کی سرزمین کی جانچ کر سکے۔ اس کی زندگی 14 دن کی ہے اور اس کا نام ‘پراگیان’ ہے جس کا مطلب دانشمندی ہے۔ یہ لینڈر سے نصف کلو میٹر تک کا فاصلہ طے کر سکتا ہے جہاں سے وہ زمین پر تصاویر اور اعدادوشمار تجزیے کے لیے روانہ کرے گا۔

اسرو کے سربراہ ڈاکٹر کے سیوان نے پہلی بار لانچ کرنے کی کوشش سے قبل کہا تھا ‘جب روور اپنا کام کرنے لگے گا تو انڈیا چاند سے اپنی پہلی سیلفی کی امید کر سکتا ہے۔’

چاند کے سفر کا فنی سکیچ

زمین سے چاند کا سفر کتنا طویل ہے؟

پیر کو شروع ہونے والا مشن چاند کے لیے 384 ہزار کلومیٹر کے سفر کی محض ابتدا ہے اور اسرو کو امید ہے کہ لینڈر چاند کی سرزمین پر چھ یا سات ستمبر کو اترے گا۔

خلائی ایجنسی نے زمین کی قوت ثقل کا فائدہ اٹھانے کے لیے دائرے والے راستے کا انتخاب کیا ہے جو کہ سیٹلائٹ کو چاند کی طرف بھیجنے میں معاون ہوگا۔ انڈیا کے پاس اتنا قوی راکٹ نہیں جو چندریان ٹو کو سیدھا چاند کی طرف بھیج سکے۔

ڈاکٹر سیوان نے کہا ہے ‘جب لینڈر کو چاند کے جنوبی قطب کی طرف پھینکا جائے گا تو سائنسدانوں کے لیے وہ 15 منٹ تک کا وقفہ خوف والا ہوگا۔’

انھوں نے اس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جو لوگ اس وقت تک خلائی گاڑی کو کنٹرول کر رہے ہوں گے اس کے بعد سے اس وقفے میں ان کا کوئی کردار نہیں ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ حقیقی لینڈنگ خودکار ہوگی بشرطیہ کہ تمام چیزیں حسب توقع کام کر رہی ہوں۔ بصورت دیگر لینڈر چاند کی سطح پر گر کر تباہ ہو جائے گا۔

رواں سال کے آغاز میں اسرائیل کا چاند پر روانہ کیا جانے والا مشن سطح پر اترنے کی کوشش میں ٹکرا کر تباہ ہو گيا تھا۔

چاند مشن

ٹیم میں کون شامل ہیں؟

اس مشن کے لیے تقریبا ایک ہزار انجینیئرز اور سائنسدانوں نے کام کیا ہے۔ لیکن پہلی بار اسرو نے کسی خاتون کو اس مہم کا سربراہ مقرر کیا ہے۔

دو خواتین انڈیا کے اس چاند کے سفر کی قیادت کر رہی ہیں۔ پروگرام کی ڈائریکٹر متھایا ونیتھا نے چندریان ٹو کی نگرانی کی ہے جبکہ ریتو کریدھال اس کی رہنمائی کریں گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp