کرکٹ سیریز: سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے پاکستان آکر کھیلنے سے انکار کر دیا


سری لنکا ٹیم

سری لنکا کی کرکٹ ٹیم کے متعدد سینئر کھلاڑیوں نے پاکستان میں ہونے والی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز میں پاکستان میں آکر کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔

بی بی سی سنھالا کہ مطابق سری لنکن ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان دیموتھ کرونارتنے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان لسیتھ مالنگا اور سابق کپتان انجیلو میتھیوز نے پاکستان میں رواں ماہ کے اختتام سے شروع ہونے والی سیریز میں کھیلنے سے انکار کیا ہے۔

سری لنکا کے وزیر کھیل ہیرن فرنینڈو نے بی بی سی سنہالا کو تصدیق کی کہ کچھ کھلاڑیوں نے ان کے اہل خانہ کی طرف سے اٹھائے گیے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے کھیلنے سے انکار کیا ہے۔

وزیر کھیل کا کہنا ہے کہ سری لنکن کرکٹ حکام کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے تاکہ انھیں پاکستان کے دورے پر راضی کر سکیں۔

وزیر کھیل فرنینڈو نے کہا کہ ‘میں نے کھلاڑیوں سے کہا کہ میں ان کے ساتھ پاکستان جانے کو تیار ہوں۔’

سری لنکا کرکٹ ٹیم کے حکام نے اس معاملے پر تبادلہ خیال کے لیے پیر 9 ستمبر کو کھلاڑیوں کو ملاقات کے لیے طلب کیا ہے۔

سری لنکا ٹیم

سری لنکا وہ آخری ٹیم ہے جس نے سنہ 2009 میں پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کھیلی تھی

یہ بھی پڑھیے

سری لنکا کی ٹیم پاکستان میں ون ڈے، ٹی ٹوئنٹی کھیلے گی

شعیب، حفیظ سینٹرل کنٹریکٹ سے آؤٹ

ایشز سیریز: سمتھ کو روکنا مشکل ہی نہیں ناممکن ہے

مصباح الحق کے لیے وقت کم ہے اور مقابلہ سخت

یاد رہے اس سے قبل سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے گذشتہ ماہ پاکستان میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اس ضمن میں سری لنکا اور پاکستان کے میچوں کا شیڈول بھی جاری کیا جا چکا ہے ۔ شیڈول کے مطابق تین ون ڈے میچ کراچی میں کھیلے جائیں گے جبکہ لاہور ٹی ٹوئنٹی میچز کی میزبانی کرے گا۔

سری لنکا کی ٹیم کو 25 ستمبر کو کراچی پہنچنا ہے۔

پہلے سے جاری کردہ شیڈول کے مطابق تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز 27 ستمبر، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

جبکہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تینوں میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں 5، 7 اور 9 اکتوبر کو ہونا ہیں۔

سری لنکا ٹیم

سری لنکا کے وزیر کھیل ہارین فرنینڈونے گذشتہ ماہ ایک پریس کانفرنس میں یہ اعلان کیا تھا کہ سری لنکا کی ٹیم پاکستان میں ون ڈے سیریز کھیلے گی۔

جس کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر سے فون پر بات کی تھی جس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ پہلے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی اور اس کے بعددونوں ممالک میں ٹیسٹ سیریز ہوگی۔ یہ ٹیسٹ سیریز آئی سی سی کی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی کوشش رہی ہے کہ وہ سری لنکا کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں سے کم ازکم ایک میچ پاکستان میں کھیلنے پر آمادہ کر سکیں۔

بی بی سی

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32501 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp