انڈیا کے صدر کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ


پاکستان کے وفاقی وزیر برائے ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ انڈیا کے صدر کے طیارے کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انڈیا کی وزارتِ خارجہ نے پاکستان سے انڈیا کے صدر کے ہوائی سفر کے حوالے سے اجازت مانگی تھی جس پر سنیچر کو فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ انڈیا کے صدر رام ناتھ کووند 8 ستمبر کو دلی سے آئس لینڈ جارہے ہیں۔ اس سفر کے لیے ان کے طیارے کو پاکستان کی فضائی حدود کے اوپر سے گزرنا تھا۔ اسی مقصد کے لیے انڈیا نے پاکستانی وزارت خارجہ سے فضائی حدود کے استعمال کی درخواست کی تھی۔

یہ بھی پڑھیے

’انڈیا کے لیے فضائی حدود کی بندش کا فیصلہ نہیں ہوا‘

پاکستان نے اپنی فضائی حدود مکمل طور پر کھول دی

متعدد ایئر لائنز کا ایرانی فضائی حدود سے گریز

انڈین وزیر اعظم کا پاکستانی فضائی حدود استعمال نہ کرنے کا فیصلہ

پشاور میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پاکستان کے وفاقی وزیر برائے ہوابازی نے کہا کہ انڈیا کے صدر نہ آئس لینڈ جانے اور نہ واپسی کے لیے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کر سکیں گے۔

غلام سرور خان نے متنبہ کیا ہے کہ انڈیا جانے والی ہر پرواز پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتی ہے اور ہم یہ فلائٹس بند کر سکتے ہیں۔

اس بارے میں بات کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا کہ ’انڈیا اپنی ہٹ دھرمی پر اڑا ہوا ہے۔ اس چیز کو سامنے رکھتے ہوئے ابھی ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے۔‘

’ان حالات میں جہاں وہ ٹس سے مس نہیں ہو رہے، (کشمیر میں) کرفیو نہیں اٹھا رہے، لوگوں کو بنیادی سہولیات نہیں دے رہے، ہم انڈین صدر کو اپنی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔‘

رام ناتھ کووند

انڈیا کے صدر رام ناتھ کووند

غلام سرور خان نے یہ بھی کہا کہ ہم انڈین ایئرلائنز کے لیے پاکستان کی فضائی حدود بند کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

وفاقی حکومت کے ایک اہلکار، جو ان معاملات سے باخبر ہیں، نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بی بی سی کو بتایا کہ حکومت سفارتی سطح پر حکمت عملی کو موقع دینا چاہتی ہے مگر اس میں ناکامی کی صورت میں یہ عین ممکن ہے کہ پاکستانی فضائی حدود انڈین ایئرلائنز کے لیے بند کر دی جائے۔

یاد رہے کہ پاکستان نے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں حالیہ کشیدگی سے قبل انڈین وزیراعظم کو خصوصی طور پر فضائی حدود استعمال کرنے کے لیے 72 گھنٹوں کے لیے اپنی فضائی حدود کھولیں تھیں مگر وزیر اعظم نریندر مودی نے اس پیشکش کو قبول نہ کرتے ہوئے اپنے سفر کے لیے پاکستان کی فضائی حدود استعمال نہیں کی تھی۔

تاہم 12 اگست کو ایک پریس بریفنگ کے دوران پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ انڈیا کی ایئرلائنز کے لیے پاکستان کی فضائی حدود کی بندش کے حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے اعلیٰ ترین سطح پر غور و خوض کیا گیا ہے اور یہ ‘زیرِ غور کئی آپشنز میں سے ایک ہے۔’

جولائی میں پاکستان نے ساڑھے چار ماہ کی بندش کے بعد اپنی فضائی حدود تمام کمرشل پروازوں کے لیے کھولی تھی۔ ان مہینوں میں پاکستان کی فضائی حدود مکمل طور پر بند رہی تاہم بعد میں اسے جزوی طور پر کھول دیا گیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32491 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp