علما، پیش امام اور حفاظ کرام تلاوت قرآن کرتے ہوئے دھرنے میں شریک ہوں گے: مولانا فضل الرحمن کا تفصیلی پلان


اپوزیشن جماعتوں کے رہبر کمیٹی کے کنوئینر اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے آزادی مارچ کی تفصیلات کا اعلان کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں مراحلہ وار دھرنا ہو گا۔ پہلے مرحلے میں ملک کے لاکھوں

کارکنان تاریخی دھرنا دے کر سڑکوں پر مساجد آباد کریں گے۔ درس و تدارس کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دوسرے مرحلے میں جیل بھرو تحریک کا آپشن بھی موجود ہے۔ حکومت کے جانے تک اسلام آباد میں موجود رہیں گے۔ لاک ڈاؤن کا فیصلہ اٹل ہے۔ لاکھوں کارکنان کو اسلام آباد میں جمع کر کے دنیا کی تاریخ کا انوکھا دھرنا دیں گے۔ آزادی مارچ میں علماء کرام، پیش امام اور حفاظ کرام قرآن کی تلاوت کرتے ہوئے شریک ہوں گے۔

اکرم خان درانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے تبدیلی کے نام پر عوام کو دھوکہ دے کر ٹیکسوں کی بھرمار، مہنگائی اور بے روزگاری میں جکڑ دیا ہے۔ ملکی معیشت تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ اداروں کا ستیا ناس کر دیا گیا ہے۔ سلیکٹڈ حکومت کی وجہ سے گڈ گورننس کا نام ونشان تک نہیں، حکمران اپوزیشن جماعتوں اور ان کے قائدین کی آواز کو دبانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔ آزادی مارچ کے حوالے سے اپوزیشن جماعتیں ایک ہی پیچ پر ہیں۔ ایک سازش کے تحت پختون قیادت کو اسمبلیوں سے باہر کیا گیا۔ سب کو اندازہ ہے کہ یہ کھیل کس نے کھیلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کنٹینر دینے والے اب اسلام آباد لاک ڈاؤن سے کیوں ڈر رہے ہیں؟ قوم کو مغرب کے اشاروں پر چلنے والوں سے نجات دلا کر ثابت کریں گے کہ 25 جولائی کا انتخاب اصلی نہیں بلکہ جعلی تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ اسلام آباد لاک ڈاؤن کیلئے تمام تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں ، جمعیت کے کارکن ایمان کے جذبے سے سرشار ہیں، مورخ ضرور لکھے گا کہ ناچ گانوں کے دھرنے اور علماء کرام کے دھرنے میں زمین وآسمان کا فرق ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).