بہترین وائلڈ لاف تصاویر: ’زومبی فنگس‘ اور دیگر عجیب الخلقت چیزیں


ویول

Frank Deschandol/WPY2019

یہ ایک عجیب و غریب لیکن انتہائی خوبصورت منظرہے۔

اوپر لگی تصویر میں یہ کسی بھونرے یا بیٹل کے جسم پر سجایا کوئی انٹینا نہیں بلکہ یہ ‘زومبی فنگس’ ہے جس نے کیڑے کے جسم کو اپنے قابو میں کر لیا ہے اور یہ انٹینا نما چیز اس بیٹل کے جسم پر کِھلنے والے پھول کی طرح ہیں۔

فنگس نے کیڑے پر مکمل فتح حاصل کر لی ہے اور اب اس نے اپنے بازو ہوا میں پھیلا دیے ہیں تاکہ وہ اپنا نیا شکار تلاش کر سکے۔

رواں سال وائلڈ لائف فوٹوگرافی کے مقابلے میں فرانسیسی فوٹوگرافر فرینک دیشاندول کی اس تصویر نے کافی داد حاصل کی۔

اس مقابلے کے فاتح کا اعلان لندن کا نیچرل ہسٹری میوزیم آئندہ ماہ کرے گی۔

انھوں نے بی بی سی کو بتایا: ‘پہلے تو میں اس سوچ میں پڑ گیا کہ یہ عجیب الخلقت چیز ہے کیا۔ پھر میں اس کے قریب گیا اور میں فنگس کی اس کامل ترتیب سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکا۔’

فرینک کا کہنا ہے کہ انھوں نے ایسے اور کیڑے بھی دیکھے لیکن کوئی بھی تصویر کے لیے اس قدر موزوں نظر نہیں آیا۔

ایسی ہی متاثر کن تصاویر مندرجہ ذیل دی گئی ہیں۔

تنبیہ: پڑھنے والوں سے گزارش ہے کہ تصاویر دیکھتے ہوئے احتیاط برتیں۔ قدرت کے کچھ مناظر ظالمانہ ہوسکتے ہیں۔

15 اکتوبر (منگل) کو ایک تقریب میں مقابلہ جیتنے والے فوٹو گرافرز میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔ ان تصاویر کی پھر اگلے جمعے میوزیم میں نمائش کی جائے گی۔


برطانیہ کے پیٹر ہیگارتھ کی تصویر: چیتے اور جنگلی کتے کی لڑائی

جنگلی کتے

Peter Haygarth/WPY2019

افریقی جنگلی کتے متاثر کن شکاری سمجھے جاتے ہیں۔ لیکن اس موقع پر ایسا ثابت نہیں ہو سکا۔

ایک تنہا چیتا ان کے غول سے جان بچا کر نکلنے میں کامیاب ہو گیا۔

یہ تصویر جنوبی افریقہ کی ایک پناہ گاہ میں لی گئی ہے اور اسے میمل جانوروں کے برتاؤ کے زمرے میں مقابلے میں شامل کیا گیا۔


برطانیہ کے ایلکس مسٹارڈ کی تصویر: زندگی کا دائرہ

شول مچھلی

Alexander Mustard/WPY2019

بحیرہ احمر میں بڑی آنکھوں والی شول مچھلیوں کے ایک غول کی یہاں تصویر بندی کی گئی ہے۔

یہ اپنے جوڑے بنانے سے قبل جنسی تعلقات قائم کرنے کے لیے ایک چکر میں گردش کر رہی ہیں اور یہ عمل شکاریوں کو روکنے کے لیے بھی کیے جاتے ہیں۔

یہ تصویر بلیک اینڈ وائٹ کے زمرے میں شامل کی گئی۔


کینیڈا کے جیسن بینٹل کی تصویر:واہ کیا قسمت پائی ہے!

راکون

Jason Bantle/WPY2019

شمالی امریکہ کے میمل جانور ریکون کو یہاں سنہ 1970 کی دہائی کی ایک بیکار گاڑی فورڈ پنٹو کے ٹوٹے شیشے سے اپنا چہرہ نکالتے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ تصویر کینیڈا کے سسکاچیون میں لی گئی ہے۔ یہ جانور اس کار کو اپنے بچے کی محفوظ پناہ گاہ کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

یہ سوراخ بہت چھوٹا ہے اور ان کا شکار کرنے والے جانور اس میں سے اندر نہیں آ سکتے۔ اسے شہری وائلڈ لائف زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔


جرمنی اور جنوبی افریقہ کے تھامس پیشاک کی تصویر: یقین کو چھونا

وھیل

Thomas.P.Peschak/WPY2019

ایک نوجوان نے اپنی کشتی سے پانی میں ہاتھ ڈالے ہوئے ہیں اور وہیل مچھلی کے پاس اپنے ہاتھ لہرا رہا ہے۔

یہ تصویر میکسیکو کے سین ایگیشیو لیگون یعنی ساحلی جھیل میں لی گئی ہے۔

اس تصویر کو وائلڈ لائف فوٹوجرنلزم کے زمرے میں شامل کیا گيا ہے۔


چین کے منگوئی یوان کی تصویر: بالوں کے جال میں ریشم کا کیڑے

پنجرہ

Minghui Yuan/WPY

یہ سائنا کے ایک کیڑے پاپوا کے کوکون یا پیپے کے گرد پنجرا نما ایک پیچیدہ ڈھانچہ ہے۔

یہ کیٹرپیلر کیڑا اسے بناتا ہے تاکہ وہ اپنے گھونسلے کو شکاریوں سے محفوظ رکھ سکے۔ وہ لاروا سے کیڑا بننے کے دوران یہ کام کرتا ہے۔

یہ تصویر بغیر ریڑھ کی ہڈیوں والے جانداروں کی تصاویر کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔


امریکہ کے تھامس ویئر کی تصویر: ساحل پر کوڑا

کچھوا

Matthew Ware/WPY2019

سمندر کو آلودہ کرنے کے اپنے نتائج ہیں۔

یہ سمندری کچھوا مچھلی مارنے والے سازو سامان سے الجھ گیا جو کہ ایک بیکار سمجھ کر پھینک دی جانے والی کرسی سے منسلک تھے۔

اس تصویرکو الاباما میں لیا گیا اور اسے وائلڈ لائف فوٹو جرنلزم کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔


سوئزر لینڈ کے ایڈریان ہرشی کی تصویر: آخری ہچکی

دریائی گھوڑا

Adrian Hirschi/WPY2019

یہ تصویر سو‏ئٹزر لینڈ کے فوٹوگرافر ایڈرین ہرشی نے زمبابوے کی جھیل کیربا میں لی جہاں ایک دریائی گھوڑے کے ایک نوزائیدہ بچے کو ایک سانڈ کے حملے کی زد میں دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ عام بات نہیں ہے لیکن اگر کوئی مقابلہ ہے یا کوئی نر اپنا تلسط قائم کرنا چاہتا ہے تو ایسا برتاؤ دیکھا جا سکتا ہے۔

اسے ممالیہ کے برتاؤ کے زمرے میں شامل کیا گیا ہے۔

۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32504 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp