چندریان 2: کیا کیمرا دیکھ کر مودی نے اسرو کے سربراہ کے سیون کو تسلی دی تھی؟


سوشل میڈیا

SM Viral Video Grab

انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی اور انڈین سپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) کے چیف کے سیون کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر اس دعوے کے ساتھ شیئر کی جا رہی ہے کہ ’کے سون نے جب وزیرِ اعظم کو وکرم لینڈر سے رابطہ ٹوٹنے کی خبر دی تو مودی نے انھیں گلے لگایا اور نہ ہی تسلی دی۔ لیکن جب دونوں کیمرے کے سامنے آئے تو رونا دھونا شروع کر دیا۔‘

27 سیکنڈ پر محیط یہ ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر شیئر کی جا رہی ہے اور اب تک یہ ویڈیو چھ لاکھ سے زیادہ مرتبہ دیکھا جا چکا ہے جبکہ سینکڑوں بار اس ویڈیو کو شیئر کیا جا چکا ہے۔

ویڈیو کے پہلے حصے میں دیکھا جا سکتا ہے کہ انڈین وزیر اعظم مودی خبر ملنے کے بعد کے سیون سے کچھ کہتے ہیں اور واپس جا کر اپنی جگہ پر بیٹھ جاتے ہیں۔ جبکہ دوسرے حصے میں وہ کے سون کو اپنے سینے سے لگاتے ہیں اور ان کی پیٹھ سہلاتے دیکھے جا سکتے ہیں۔

سوشل میڈیا

SM Viral Post

سوشل میڈیا پر صارفین کا کہنا ہے کہ ’میڈیا اور کیمرے ارد گرد نہ ہونے کی وجہ سے مودی نے پہلے کے سون کو واپس لوٹا دیا تھا۔ لیکن کپڑے بدلنے کے بعد اور کیمروں کی موجودگی میں انھوں نے کے سیون کو گلے لگا کر تسلی دی۔‘

لیکن بی بی سی فیکٹ چیک ٹیم نے ان دعوؤں کی تصدیق کے لیے اپنی تحقیق کی جس کے مطابق یہ دعویٰ غلط ہے۔ وائرل ہونے والے ویڈیو کو دور درشن نیوز چینل پر نشر ہونی والی ایک ویڈیو کے دو مختلف حصے جوڑ کر بنایا گیا ہے۔

دوردرشن نیوز کی پوری لائیو نشریات کو دیکھ کر پتا چلتا ہے کہ وزیر اعظم مودی نے دونوں بار اسرو کے سربراہ اور ان کی ٹیم کے سائنسدانوں کی ہمت بندھائی تھی۔

وزیر اعظم نریندر مودی

پہلا حِصہ اور صداقت

وائرل ویڈیو کے پہلے حصے میں دیکھائی دیتا ہے کہ نریندر مودی وکرم لینڈر کی خبر ملنے کے بعد کے سیون سے کچھ کہتے ہیں اور واپس اپنی جگہ جا کر بیٹھ جاتے ہیں، یہ چھ اور سات ستمبر کی رات تقریباً ڈیڑھ بجے کا واقعہ ہے۔

جبکہ ایک بج کر 45 منٹ پر اسرو کے سربراہ کے سیون نے وِکرم لینڈر کے ساتھ رابطہ ٹوٹنے کا پہلا باضابطہ اعلان کیا تھا۔

کے سیون نے باضابطہ اعلان سے پہلے طے شدہ پروٹوکول کے تحت مودی کو اس بارے میں مطلع کیا تھا۔

جس وقت کے سیون نے وزیر اعظم مودی کو یہ بتایا تھا کہ وکرم لینڈر سے اسرو کا رابطہ ٹوٹ گیا ہے، اس وقت بھی دور درشن نیوز کے کیمروں نے انھیں گھیرا ہوا تھا اور لائیو کوریج جاری تھی۔

سوشل میڈیا

Twitter

انڈیا کے سرکاری نیوز چینل دور درشن نے رات ساڑھے بارہ بجے اسرو سینٹر سے لائیو نشریات کا آغاز کیا تھا۔ ڈی ڈی نیوز کی فوٹیج کے مطابق نشریات شروع ہونے کے 23 منٹ بعد نریندر مودی ’مشن آپریشن کمپلیکس‘ میں داخل ہوئے تھے۔

وکرم لینڈر کے چاند کی سطح پر اترنے کا پروگرام 51ویں منٹ تک اپنے طے شدہ شیڈیول پر چل رہا تھا۔ لیکن دیکھتے دیکھتے اسرو سینٹر میں سناٹا چھا گیا۔

53ویں منٹ میں چندریان 2 کی ڈائریکٹر رتو کریدال کی آواز اسرو سینٹر کے بڑے سپیکر پر سنائی دی۔ انھوں نے کہا کہ وکرم لینڈر سے کوئی رسپانس نہیں مل رہا ہے۔ کچھ منٹ بعد اسرو کے سربراہ نے اس کا باضابطہ طور پر اعلان کر دیا۔

اس کے بعد وزیر اعظم نریندر مودی پہلی منزل پر اپنے کمرے سے کنٹرول سینٹر میں اتر آئے اور انہوں نے اسرو کے سربراہ سمیت سبھی سائنسدانوں سے خطاب کیا۔

کے سیون کا کندھا سہلاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’حوصلہ بنائے رکھیے۔‘

وزیر اعظم مودی نے یہ بھی کہا کہ ’زندگی میں اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں۔ آج آپ لوگوں نے جو کیا ہے، یہ بھی کوئی چھوٹا کام نہیں ہے۔ میری طرف سے آپ کو بہت مبارک باد۔ آپ نے ملک، سائنس اور انسانی قوم کی بہت بڑی خدمت کی ہے۔ ہم اس سے بھی کچھ سیکھ ہی رہے ہیں۔ ہمارا سفر آگے بھی جاری رہے گا۔ میں مکمل طور پر آپ کے ساتھ ہوں۔ ہمت کے ساتھ چلیں۔‘

اس کے بعد انھوں نے سکول کے بچوں سے ملاقات کی اور پھر اسرو سینٹر سے چلے گئے۔

سوشل میڈیا

DD NEWS
6 اور 7 ستمبر کی رات دو بجے کی تصویر

وائرل ویڈیو کا دوسرا حصہ

سات ستمبر کی صبح سات بج کر پانچ منٹ پر وزیر اعظم مودی نے ایک ٹویٹ کے ذریعہ یہ خبر دی تھی کہ وہ آٹھ بجے اسرو سینٹر میں سائنسدانوں سے ملنے والے ہیں۔

سات بج کر بیس منٹ پر وہ اسرو سینٹر پہنچے اور اسرو کے چیئرمین کے سیون نے ان کا خیر مقدم کیا۔

اس موقع پر اسرو سینٹر کے ’مشن آپریشن کمپلیکس‘ میں وزیر اعظم مودی نے لگ بھگ 20 منٹ کا خطاب کیا جس میں انھوں نے سائنسدانوں کی زندگی اور سائنس کی اہمیت کے بارے میں بات کی۔

 

اپنے خطاب میں وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ ’انڈین سائنسدان وہ لوگ ہیں جو انڈیا کی شان کے لیے جیتے ہیں۔ میں کل رات کو آپ کے دلوں کی کیفیت سمجھ رہا تھا۔ آپ کی آنکھیں بہت کچھ کہہ رہی تھیں۔ آپ کے چہرے کی اداسی پڑھ پا رہا تھا۔ اس لیے میں کل رات زیادہ دیر آپ لوگوں کے درمیان نہیں رکا۔ پر میں نے سوچا کہ صبح آپ لوگوں سے ایک بار پھر ملوں اور آپ سے بات کروں۔‘

اس دوران اسرو کے سربراہ نریندر مودی کے پاس ہی کھڑے تھے۔

خطاب مکمل ہونے کے بعد اسرو چیف نے نریندر مودی کو ٹیم کے سبھی سائنسدانوں سے ملوایا اور تقریباً سوا آٹھ بجے مودی اسرو سینٹر سے روانہ ہوئے۔

ڈودرشن نیوز

DD NEWS

دوردرشن نیوز پر اس پورے پروگرام کو نشر کیا گیا تھا جس میں دیکھا گیا کہ ’مشن آپریشن کمپلیکس‘ کے گیٹ پر پہنچ کر مودی پلٹے اور انھوں نے کے سیون کے بارے میں پوچھا۔ تبھی جذباتی ہو کر کے سون نے ان سے کچھ کہا جس پر مودی نے انھیں گلے لگا لیا۔

سوشل میڈہیا پر وائرل ہونے والے ویڈیو کا دوسرا حصہ وزیر اعظم نریندر مودی کے اسرو سینٹر سے دوسرے دن روانہ ہونے سے پہلے کا ہے۔ یہ وہ لمحہ تھا جب نریندر مودی نے کے سیون کو گلے لگا کر انھیں تسلی دی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32549 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp