فواد چوہدری نا اہلی کیس کی سماعت کل سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں شروع ہو گی


اسلام آباد ہائیکورٹ نے فواد چوہدری نا اہلی کیس کل (جمعرات کو) سماعت کیلئے مقرر کردیا ہے۔ رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے جمعرات کو زیر سماعت آنے والے کیسز کی فہرست جاری کر دی گئی ہے جس میں فواد چوہدری نا اہلی کیس بھی شامل ہے۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی نا اہلی سے متعلق کیس کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کریں گے۔

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے خلاف گزشتہ ماہ سمیع اللہ ابراہیم نے وکیل راجہ رضوان عباسی کے ذریعے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔ نا اہلی کیلئے دائر درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کو درست معلومات فراہم نہیں کیں اور کاغذات نامزدگی میں اثاثے چھپائے اور اپنی ملکیتی زمین ظاہر نہیں کی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ فواد چوہدری آئین کے آرٹیکل 62/63 پر پورا نہیں اترتے اس لیے انہیں 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا جائے اور انہوں نے بطور رکن اسمبلی جو مراعات لیں واپس لی جائیں اور ان کے خلاف کریمنل مقدمہ درج کیا جائے۔ درخواست میں فواد چوہدری، الیکشن کمیشن، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کو فریق بنایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت سابق وزیر اعظم نواز شریف اور پی ٹی آئی کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین تاحیات کسی بھی عوامی عہدے کیلئے نا اہل قرار پا چکے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).