لاہور میں قتل ہونے والی سابق رکن صوبائی اسمبلی کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں اہم انکشافات


سابق ایم پی اے پروین سکندر کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آ گئی۔ اطلاعات کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پروین سکندر گل کی موت سر پر لگنے والی ضرب سے ہوئی۔ پروین سکندر گل کے سر پر آہنی ہتیھیار سے 2 وار کیے گئے۔ سر پر ضربیں موت کا باعث بنی۔ خاتون ایم پی اے کی موت واقع ہونے کے بعد گلے میں پھندا پھنسایا گیا۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ پروین سکندر گل کے جسم پر بھی تشدد کے نشانات موجود ہیں۔ ملزم نے مقتولہ کے ہاتھ پاؤں بھی باندھ دئیے تھے۔ گذشتہ روز مقتولہ کے قتل کے ایک دن پہلے کی ویڈیو سامنے آئی تھی۔ ویڈیو میں مقتولہ نے اپنی بھیتجی کو خدشات سے آگاہ کیا تھا۔ ویڈیو میں پروین سکندر نے اہم رازوں سے پردہ بھی اٹھایا تھا۔

انہوں نے مذکورہ ویڈیو میں گھر میں ہونے والی وارداتوں سے متعلق انکشاف کیا تھا۔ پروین سکندر گل کے گھر کے اندر 4 وارداتیں ہوئی تھیں۔ چور چار وارداتوں میں 35 ہزار ڈالر، 2 لاکھ نقدی اور اسلحہ کا لائنسس لوٹ کر لے گئے تھے۔ پروین سکندر نے گھر میں داخل ہونے والے دروازے پر لاک نہ ہونے کا بھی اشارہ دیا۔ انہوں نے دیوار میں موجود اے سی کے سوراخ کی بھی نشاندہی کی۔ پروین سکندر نے بھی بتایا کہ جب وہ سو رہی تھیں تو کٹر سے ان کی جیب کاٹی گئی۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پروین سکندر نے چور کو پکڑوانے کے لیے گھر میں کیمرے لگوائے تھے۔ چوروں نے ہر واردات میں سی سی ٹی وی فوٹیج کیمروں کا رخ موڑ دیا۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ق) کی رہنما پروین سکندر لاہور کے علاقے نصیر آباد میں واقع اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں تھیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آور نے رسی سے گلا گھونٹ کر انھیں قتل کیا تھا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).