پنجاب میں ناقص طرز حکمرانی کا دفاع کرنا مشکل تھا: شہباز گل


پنجاب کابینہ میں بڑے پیمانے پر رد و بدل میں عون چوہدری کو عہدے سے ہٹایا گیا اور پھر وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ پی ٹی آئی حکومت میں پنجاب کابینہ کا حصہ بننے کے بعد شہباز گل نے سوشل میڈیا پر اپنے تحرک سے کافی نام بنایا۔ شہباز گل میڈیا پر بھی وزیراعظم عمران خان اور پنجاب حکومت کا خوب دفاع کرتے نظر آتے۔ تاہم آج اچانک انہوں نے اپنا عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ سینئیر صحافی اجمل جامی نے اپنے ٹویٹ میں انہیں وفاق میں اہم ذمہ داری ملنے کی طرف اشارہ کیا ہے۔

ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ پنجاب میں ناقص طرز حکمرانی کا دفاع کرنا مشکل تھا اس لیے عہدے سے مستعفی ہو گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ تقرر و تبادلوں پر اختلافات نیز صوبائی ارکان اسمبلی سے کشمکش استعفیٰ کا سبب بنے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے ایک سادہ کاغذ پر اپنا استعفیٰ لکھ کر دیا۔

پنجاب کابینہ میں توسیع کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کے ایم پی اے ملک اسد کھوکھر کو پنجاب کابینہ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔

اطلاعات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے عبد العلیم خان کو پنجاب کابینہ کا حصہ بنائے جانے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ یہ خبر اس لحاظ سے دلچسپ ہے کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے آج ہی عبد العلیم خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).