شہباز گل کی شاہ خرچیاں اور بیوروکریسی پر کنٹرول انہیں لے ڈوبا


لاہور (انجم کاظمی سے ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل اچانک مستعفی ہوگئے ہیں۔ ان کے مستعفی ہونے کی وجوہات وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بہت سے اختلاف ہیں۔ شہبازگل بیوروکریسی پر مکمل کنٹرول حاصل کرتے جارہے تھے اور وزیراعلیٰ سے زیادہ شہباز گل کی بات بیوروکریسی میں مانی جاتی تھی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار شہبازگل کی شاہ خرچیوں پر نالاں تھے۔

شہباز گل جو سابق حکومت کی شاہ خرچیوں کی داستانیں سناتے نہیں تھکتے، وہ منظور شدہ پٹرول سے کہیں زیادہ پٹرول ماہانہ استعمال کررہے تھے جس سے تحریک انصاف کی حکومت کی شاہ خرچیاں ختم کرنے کے دعوے کی نفی ہورہی تھی۔ سکوپ نیوز کو دستیاب دستاویزات کے مطابق وزیراعلیٰ آفس نے 6 اکتوبر 2018 ءمیں ڈاکٹر شہباز گل کو وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا ترجمان مقرر کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ اپنی تقرری کے بعد ڈاکٹر شہباز گل نے سرکاری گاڑی، پٹرول اور ڈرائیور کا استعمال شروع کردیا۔

چھے ماہ سے زائد تک یہ سلسلہ جاری رہا جس کے بعد وزیراعلیٰ آفس نے 13 مئی 2019 ءکو پنجاب حکومت کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا جس میں ترجمان وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل کو فراہم کی گئیں مراعات کی تفصیلات دی گئیں جس میں کہا گیا ہے کہ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل ماہانہ زیادہ سے زیادہ 200 لٹر پٹرول، 1300 سی سی گاڑی، سی ایم سیکرٹریٹ میں دفتر اور اسلام آباد میں سرکاری دورہ کے موقع پر پنجاب ہاؤس میں قیام کرسکیں گے۔ جبکہ ڈاکٹر شہباز گل کوئی تنخواہ نہیں لیں گے اور اعزازی طور پر کام کریں گے۔ جس کے بعد سرکاری احکامات جاری کیے گئے۔

ڈاکٹر شہبازگل کو سرکاری گاڑی LEG 1463 الاٹ کی گئی۔ اس نوٹیفکیشن سے قبل اور بعد میں بھی ڈاکٹر شہباز گل اپنی دو سولٹر پٹرول کی لمٹ سے دو سے تین گنا زیادہ پٹرول استعمال کرتے رہے۔ ان کے ماہانہ پٹرول استعمال کرنے کی تفصیل درج ذیل ہے۔ جنوری میں 600 سے زائد۔ فروری میں 500 سے زائد۔ اپریل میں 528 لٹر۔ مئی میں 543 لٹر۔ جون میں 478 لٹر۔ جولائی میں 700 لٹر سے زائد پٹرول استعمال کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شہباز گل وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی گاڑیاں بھی استعمال کرتے رہتے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل دو دو گاڑیاں استعمال کرتے تھے جبکہ ان کو صرف ایک گاڑی سرکاری طور پر دی گئی تھی۔

اس سلسلہ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل سے ان کے موبائل نمبر پر بار بار رابطہ کیا گیا مگر انہوں نے فون نہیں اٹھایا۔ ان کو ٹیکسٹ میسیج بھی کیا مگر انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).