ایک حکومتی وزیر کے بیانات مذہبی ووٹ بینک کو حکومت کے خلاف بھڑکا رہے ہیں


صحافتی ذرائع کے مطابق تین ریاستی اداروں نے ایک وفاقی وزیر کے متعلق وزیر اعظم کو خصوصی رپورٹ پیش کی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک وفاقی  وزیر کے بیانات اور طرز عمل مذہبی ووٹ بینک کو حکومت کے خلاف بھڑکانے کا باعث بن رہا ہے۔ اس وزیر کو کنٹرول کیا جائے ورنہ معاملات خراب ہو جائیں گے۔

اس رپورٹ میں وزیراعظم کو بتایا گیا ہے کہ مذکورہ وزیر کے بیانات اور طرز عمل کے باعث مذہبی ووٹ بینک حکومت کے خلاف ہوتا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق اداروں کی جانب سے تیار کردہ رپورٹ میں حکومت کو خبردار کیا گیا ہے کہ عوام میں غم و غصہ بڑھ رہا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کی مایوس کن کارکردگی، حکومتی شخصیات کے باہمی اختلافات، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور مایوس کن معاشی حالات کے باعث حکمراں جماعت کی مقبولیت کا گراف بہت تیزی سے نیچے گر رہا ہے۔

خاص طور پر بے روزگاری اور مہنگائی جیسے مسائل کے باعث عوام میں غم و غصہ بڑھ رہا ہے۔ اگر حکومت ہنگامی بنیادوں پر اپنی کارکردگی میں بہتری نہیں لاتی تو عوام کا یہ غم و غصہ ایک عوامی تحریک کی شکل اختیار کر سکتا ہے۔ رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ عوام کی اکثریت حکومت کی جانب سے کرپشن کے خلاف مہم کی حمایت کرتی ہے، تاہم حکومتی شخصیات کی نااہلی کے باعث حکومت ان اقدامات کا کریڈٹ حاصل کرنے سے محروم رہی ہے۔

ان حالات میں اگر کسی سیاسی جماعت نے احتجاجی تحریک کے آغاز کا اعلان کیا تو اس تحریک میں حصہ لینے والوں میں اس کے سیاسی کارکنوں کی بجائے عوام کی تعداد زیادہ ہو گی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).