شوبز ڈائری: شردھا کپور ڈپریشن کے ساتھ جینا سیکھ چکی ہیں


شردھا کپور

آج معاشرے میں جہاں ہم کئی طرح کے ذہنی امراض کے خلاف لڑ رہے ہیں وہیں کسی بڑی شخصیت کی جانب سے مایوسی، اضطراب یا ڈپریشن جیسی کیفیت کے بارے میں کھلے عام بات کرنا حاضی اہمیت کا حامل ہے۔

اداکارہ شردھا کپور نے حال ہی میں کہا ہے کہ ڈاکٹر کی جانب سے ڈپریشن اور اضطراب کی تشخیص ہونے کے بعد انھوں نے اس بات کو قبول کر لیا ہے کہ یہ ان کی زندگی کا حصہ ہے۔

شردھا کہتی ہیں کہ کافی عرصے تک انھیں محسوس ہی نہیں ہوا کہ وہ ڈپریشن کا شکار ہیں لیکن اب وہ اس کے ساتھ جینا سیکھ چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھیے

’میں جیسی ہوں ویسی ہی رہنا چاہتی ہوں‘

’مجھے پاکستان بھیجنے کی کوشش نہ کریں‘

سنی لیونی کے فلمی فون نمبر سے دلی والا پریشان

شردھا ڈپریشن کے بارے میں بات کرنے والی پہلی بڑی شخصیت نہیں ہیں اس سے پہلے دپیکا پادوکون بھی تفصیل سے اپنی اس حالت کے بارے میں بات کر چکی ہیں۔ یہ خیال عام ہے کہ جس انسان کے پاس دولت، شہرت اور تمام عیش و آرام ہوں اسے مایوسی، ڈپریشن یا اضطراب کیسے ہو سکتا ہے؟

دوسرے بہت سے لوگ اسے ایک بیماری تصور ہی نہیں کرتے۔ دپیکا اور شردھا جیسے بڑی اداکاراؤں کی جانب سے اس موضوع پر کھل کر بات کرنے سے اس بیماری کی اہمیت اور علاج کی ضرورت کو اجاگر کرنے میں بہت مدد ملتی ہے۔

چنکی پانڈے ساجد خان کی وکالت کیوں کر رہے ہیں؟

اداکار چنکی پانڈے اسی کی دہائی میں ہیرو بنے اور چند ہٹ اور بہت سی فلاپ فلمیں دے کر نوئے کی دہائی میں لاپتہ بھی ہو گئے۔ لیکن ان کی قسمت نے زور مارا اور سنہ 2003 میں وہ پھر سے سلور سکرین پر آئے لیکن کبھی ولن تو کبھی کامیڈین بن کر۔

چنکی پانڈے

ہاؤس فل سریز کے ’آخری پاستہ‘ چنکی پانڈے اس فلم کی نئی سیریز کا حصہ بھی بنے ہیں جس کی ڈائریکشن فرح خان کے بھائی فلمساز ساجد خان کر رہے تھے لیکن کئی خواتین کی جانب سے جنسی طور پر ہراساں کیے جانے کے الزامات کے بعد انھیں یہ فلم چھوڑنا پڑی۔

لگتا ہے ساجد کے فلم چھوڑنے پر چنکی پانڈے کافی اداس ہیں اس لیے انھوں نے بالی ووڈ نیوز کی ویب سائٹ ’پِنک وِلا‘ سے بات کرتے ہوئے ساجد خان کی تعریف میں زمین آسمان ایک کر دیے اور ان کی نیک سیرت کی قسمیں کھائیں۔

ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہا کہ اب ساجد کو واپس آنا چاہیے کیونکہ جب ان پر یہ الزامات لگائِے گئے تھے اس وقت ’می ٹو کا سیزن تھا‘ اور لوگوں نے ساجد کو غلط سمجھا۔

ساجد خان پر الزامات کے بعد انڈین فلمز اور ٹی وی ڈائریکٹرز ایسوسی ایشن نے ساجد خان کے ساتھ کام کرنے پر پابندی لگا دی تھی اس کے بعد سے ساجد منظر سے غائب ہیں اور ہاؤس فل فور کی ڈائریکشن اب رائٹر فرہاد سامجی کے ہاتھ میں ہے۔

رشی کپور کی واپسی

رشی کپور طویل علالت سے گذر کر گیارہ ماہ اور گیارہ دن کے بعد نیو یارک سے انڈیا واپس پہنچ گئے ہیں۔

رشی کپور

ان کی بیگم نیتو سنگھ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں اپنی ایک تصویر کے ساتھ لکھا ’ہماری زندگی سے گیارہ مہینے کہاں گئے یہ ایک لمبا راستہ تھا اور ایک ایسا مرحلہ جس نے ہمیں بہت کچھ سکھایا اور بطور انسان ہمیں تبدیل کیا ہے۔‘

رشی کپور گذشتہ 11 ماہ سے نیو یارک میں اپنا علاج کروا رہے تھے اور وقتاً فوقتاً وہ اور نیتو سنگھ سوشل میڈیا پر اپنی تصاویر لگاتے رہتے تھے جن میں بالی ووڈ کی ان بڑی بڑی شخصیات کی تصاویر بھی تھیں جو رشی کپور کی عیادت کے لیے جایا کرتی تھیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp