کیفے ایلانتو سے شراب کی برآمدگی اور عون چوہدری کی برطرفی  میں تعلق: مزید حقائق سامنے آ گئے


وزیر اعلیٰ پنجاب کے مشیر اور عمران خان کے قریبی ساتھی عون چوہدری کی برطرفی کی اندرونی کہانی کے مزید حقائق سامنے آ گئے ہیں۔

نجی ٹی وی چینل ’’نیو نیوز‘‘ کے مطابق عون چوہدری کی عہدے سے بر طرفی کی اصل وجہ گذشتہ دنوں لاہور کے پوش علاقے ایم ایم عالم روڈ پر واقع مشہور ریسٹورنٹ ’’کیفے ایلانتو‘‘ پر چھاپہ مارنے والے ایکسائز افسر کا تبادلہ تھا جو عون چوہدری کے گلے پڑ گیا۔

’’کیفے ایلانتو‘‘کےمالک عون چوہدری کے دوست ہیں۔ کیفے پر چھاپہ مارنے کے بعد افسر کو ہٹانے کے لئے عون چوہدری نے سیکرٹری ایکسائز پر دباؤ ڈالا تھا اور اسی دباؤ کے نتیجے میں ایکسائز افسر ای ٹی او مسعود بشیر وڑائچ کو او ایس ڈی بنا دیا گیا تھا۔

ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ عون چوہدری کے خلاف انتظامی معاملات کے اندر مداخلت کی پہلے بھی کئی شکایات تھیں اور ایسی ہی شکایات کے پیش نظر وزیراعلی پنجاب نے عون چوہدری کا داخلہ بھی 8 کلب میں بند کر رکھا تھا جبکہ عون چوہدری کو بطور مشیر 8 کلب میں آفس بھی نہیں دیا گیا تھا۔ نجی ٹی وی نے دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس سے بھی عون چوہدری کو انتظامی امور میں مداخلت اور تقررتبادلوں کے الزامات کے باعث بے دخل کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ عون چوہدری وزیر اعظم عمران خان کے انتہائی قریبی ساتھی سمجھے جاتے ہیں اورعمران خان کے وزیراعظم بننے سےقبل عون چوہدری کا شمار پی ٹی آئی چیئرمین کے ’’خاص‘‘ آدمیوں میں ہوتا تھا اور وہ بنی گالہ میں ہونے والےہر اہم اجلاس میں عمران خان کے ساتھ نظر آتے تھے۔ عمران خان کے سیاسی مشیر رہنے کے علاوہ انہیں عمران خان کی تیسری شادی میں شریک آدھی درجن افراد مین شامل ہونے کا اعزاز بھی حاصل تھا۔

یہ بھی پڑھیے

https://www.humsub.com.pk/271609/newsdesk-2876/


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).