نیب نے عمران الحق کو جیل میں ڈال کر غلط کیا: وفاقی وزیر علی زیدی


وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ عمران الحق پر اگر کوئی الزامات تھے تو نیب کوچاہئے تھا کہ عمران الحق کا نام ای سی ایل میں ڈالتے اور تحقیقات کرتے۔ نیب نے ان کوجیل میں ڈال کر غلط کیا ہے۔

جیونیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ اگر کسی نے میر ی وزارت میں غلط کام کیا، وہ خواہ میرا سگا بھائی ہی کیوں نہ ہو۔ میں اس کو خود جیل میں جا کر بٹھاﺅں گا۔ میرے پی آراو نے معمولی غلطی کی تھی، میں نے اس کو فوری عہد ے سے ہٹا دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میرا لوگوں سے تعلق اعتماد کی بنیاد پر ہے، میں عاطف رئیس ملک کو اپنے ساتھ چین اس لئے لے کر گیا تھا کہ وہ ایڈ وائس دے سکیں۔ میں عاطف رئیس کی کمپنی کو بی آر ٹی کا ٹھیکہ دینے کے الزام پر مطالبہ کرتا ہوں کہ اس کی جو چاہے اور جیسے چاہے تحقیقات کرے اور جس ادارے سے چاہے تحقیقات کروا لے۔ میں اس حوالے سے ہر قسم کا تعاون کرنے پر تیار ہوں۔

علی زیدی کا کہنا تھا کہ عمران الحق پر اگر کوئی الزامات تھے تو نیب کوچاہئے تھا کہ عمران الحق کا نام ای سی ایل میں ڈالتے اور تحقیقات کرتے لیکن نیب نے ان کو جیل میں ڈال کر غلط کیا ہے۔ شیخ عمران کو جیل میں نہیں ڈالنا چاہئے تھا۔ شیخ عمران کو اینگرو سے ہٹایا گیا تو وہ پی ایس او میں چلے گئے۔ نیب کوچاہئے تھا کہ ان کو ای سی ایل پر ڈال کر انکوائری کرتی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).