مہندر سنگھ دھونی: کیا وہ بین الاقوامی کرکٹ میں دوبارہ نظر آئیں گے؟


دھونی

سابق انڈین کرکٹر مہیندر سنگھ دھونی

انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں انڈین ٹیم کی شکست کے بعد سے کرکٹ کے میدان سے باہر ہیں۔

دھونی کی ریٹائرمینٹ کے بارے میں مختلف قسم کی قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں۔ لیکن فی الحال دھونی اور انڈیا کا کرکٹ کنٹرول بورڈ بی سی سی آئی، دونوں ہی اس موضوع پر خاموش ہیں۔

جنوبی افریقہ کے ساتھ شروع ہونے والی ٹی 20 سیریز کے انڈین سکواڈ میں بھی دھونی شامل نہیں ہیں۔ اس سیریز کا پہلا میچ بارش کی نذر ہو چکا ہے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے پورے دورے میں بھی دھونی ٹیم سے باہر رہے۔

یہ بھی پڑھیے

کیا دھونی کے جانے کا وقت آ گیا ہے؟

ورلڈ کپ: ’کوہلی کو دھونی کا ساتھ چاہیے‘

انڈیا میں کرکٹ کے ناقد ایاز میمن کا خیال ہے کہ دھونی کے مزید کھیلنے کے بارے میں تشویش کی کوئی وجہ نہیں ہونی چاہیے۔

میمن نے کہا کہ ’دھونی آگے کھیلیں گے یا نہیں یہ فیصلہ انھیں خود کرنا ہے۔ جب وہ یہ فیصلہ کر لیں گے تو خود ہی سامنے آ کر اعلان کر دیں گے۔ اس پر تشویش کا کوئی وجہ نہیں بنتی۔‘

دھونی

وراٹ کوہلی نے تشویش بڑھائی

ورلڈ کپ کرکٹ تورنامنٹ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد انڈیا کے باہر ہونے کی بات اب پرانی ہو چکی ہے۔

اس کے بعد انڈیا ویسٹ انڈیز کو ٹی 20 ون ڈے اور ٹیسٹ سیریز میں ہرا چکا ہے۔ لیکن دھونی کو مسلسل یاد کیا جا رہا ہے۔

گزشتہ دنوں صبح سے شام تک قیاس آرائیوں کا بازار گرم تھا کہ کہیں دھونی بین الاقوامی مقابلوں کو الوداع تو نہیں کہنے جا رہے۔ تاہم یہ محض افواہ ثابت ہوئی۔

دراصل انڈیا کے کپتان وراٹ کوہلی کا سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ اس افواہ کی وجہ بن گیا۔ انھوں نے ایک ایسی تصویر پوسٹ کی کہ اس کے ارد گرد ایک افسانہ ہی بُن لیا گیا۔

وراٹ کوہلی نے ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’میں یہ میچ کبھی نہیں بھول سکتا۔ وہ بہت خاص رات تھی۔ اس شخص نے مجھے ایسے بھگایا جیسے فٹنس ٹیسٹ میں دوڑایا جاتا ہے۔‘

https://twitter.com/imVkohli/status/1172023600649359361

دراصل کوہلی کی اس تصویر میں وہ دھونی کے سامنے جھکے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ یہ تصویر سنہ 2016 کے ورلڈ ٹی 20 مقابلے میں آسٹریلیا کے خلاف انڈیا کی شاندار جیت کی ہے۔ اس مقابلے میں انڈیا نے دھونی اور کوہلی کے سنگلز اور ڈبلز کی بدولت 161 رن کا مشکل ٹارگٹ حاصل کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

کوہلی اور دھونی میں فرق

پاکستان کرکٹ ٹیم بمقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ

کوہلی کے اس ٹویٹ کے بعد سوشل میڈیا پر یہ افواہ تیزی سے پھیلی ہے کہ ایم ایس دھونی جلد اپنی ریٹائرمیںٹ کا اعلان کر سکتے ہیں۔

حالانکہ اس کے کچھ ہی دیر بعد دھونی کی اہلیہ ساکشی دھونی نے ٹویٹ کر کے ان دعووں کو مسترد کر دیا تھا۔

https://twitter.com/SaakshiSRawat/status/1172125156166135809

دھونی کی جگہ کون؟

وراٹ کوہلی کے ٹویٹ کے بعد کئی لوگوں نے سوچا کہ دھونی نے بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ اگر یہ افواہ ہو، تو بھی یہ سوال تو بنتا ہی ہے کہ اگر ابھی نہیں تو کب؟

اس کے جواب میں ایاذ میمن کہتے ہیں کہ ’دھونی کو کب تک کھیلنا ہے، یہ دھونی اور سلیکٹرز کو طے کرنا ہے۔ اگر سلیکٹرز کو لگتا ہے کہ اب ٹیم میں دھونی کے لیے جگہ نہیں بن رہی ہے، تو انھیں اس بارے میں دھونی سے بات کرنی چاہیے۔ اس کے ساتھ ہی انھیں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ دھونی کی جگہ کون لے سکتا ہے۔‘

دھونی کی جگہ انڈین کرکٹ ٹیم میں کون لے گا، یہ ایک بہت بڑا سوال ہے۔ جواب کے طور پر گزشتہ چند مہینوں سے رشبھ پنت کو تیار کیا جا رہا ہے۔

دھونی اور پنت

دھونی اور پنت

مہیندر سنگھ دھونی ٹیسٹ کرکٹ تو چھوڑ چکے ہیں، اس لیے پنت کا موازنہ دھونی سے ون ڈے اور ٹی 20 میں ہی کیا جا سکتا ہے۔ ورلڈ کپ کے دوران دھونی اور پنت ساتھ ساتھ کھیل رہے تھے۔

گزشتہ دنوں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے مقابلے میں دھونی تو کھیلے نہیں، لیکن رشبھ پنت بھی کوئی کمال نہیں دکھا سکے۔

حالانکہ ٹی 20 سیریز کے ایک میچ میں وہ 65 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ لیکن اس سے قبل چند میچوں میں ان کا سکور کچھ ایسا رہا: 0,4,40,28,3,10,4

ظاہر ہے کہ کرکٹ کے سب سے مختصر فارمیٹ میں بھی پنت کا دھونی کی جگہ لینا تو دور، وہ فی الحال ان کی پرچھائی بھی نہیں نظر آئے۔

یہ بھی پڑھیے

’ویلکم بیک پاکستان کرکٹ‘

سرفراز احمد کی بدقسمتی

دھونی آخری بات ورلڈ کپ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے تھے

دھونی آخری بات ورلڈ کپ سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے تھے

دھونی اتنے خاص کیوں ہیں؟

اب بھی ٹیم انڈیا میں مہیندر سنگھ دھونی کی اتنی اہمیت کیوں ہے؟ اس بارے میں ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی خود متعدد بار جواب دے چکے ہیں۔

وراٹ کہہ چکے ہیں کہ ان کی ٹیم میں سب سے تجربہ کار کھلاڑی مہندر سنگھ دھونی ہیں، اور ان کا تجربہ انمول ہے۔

کوئی مانے یا نہ مانے تجربے کی کوئی قیمت نہیں ہوتی۔ جب تک دھونی کھیلنا چاہیں تب تک وہ ٹیم کے لیے اہم رہیں گے۔

اب جبکہ انڈین ٹیم کا ٹارگٹ اگلے برس ہونے والے ورلڈ ٹی 20 کرکٹ ٹورنامینٹ کے لیے ٹیم کا انتخاب کرنا ہے، یہ غور کرنے والی بات ہے کہ ٹیم میں کوئی اور ان کی طرح ذمہ داری سے کرکٹ کھیلتا ہے یا نہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp