سری لنکن کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے دورے کی اجازت مل گئی


مصباح الحق

پاکستان ٹیم کے کوچ مصباح الحق ٹریننگ کیمپ میں بیٹسمین احمد شہزاد سے بات کرتے ہوئے

سری لنکا کی حکومت نے اپنی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے دورے کی اجازت دے دی ہے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اس سلسلے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو مطلع کردیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ یہ دورہ طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوگا۔

اس سے قبل سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری موہن ڈی سلوا نے جمعرات کو خبررساں ادارے اے ایف پی کو بتایا تھا کہ سری لنکا کی وزارت دفاع نے دورے کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے۔

سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمیشن نے بھی سری لنکا کی حکومت سے رابطہ کر کے اس بات کی دوبارہ یقین دہانی کرائی تھی کہ سری لنکن ٹیم کو پاکستان میں وہی سکیورٹی فراہم کی جائے گی جو دورے میں کسی بھی سربراہ مملکت کو دی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ سری لنکن ٹیم کے اس دورے پر اس وقت خطرے کے بادل منڈلانے لگے تھے جب سری لنکن وزیراعظم آفس سے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو ایک وارننگ موصول ہوئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ سری لنکن کرکٹ ٹیم کو اس دورے میں ممکنہ دہشت گردی کا سامنا ہے۔ یہ وارننگ سری لنکن وزارت دفاع کو ملنے والی اطلاع کی بنیاد پر جاری کی گئی تھی جس کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ اپنی حکومت کی جانب سے اس دورے کی باقاعدہ اجازت کا منتظر تھا۔

یاد رہے کہ سری لنکا کے دس کھلاڑیوں نے پہلے ہی پاکستان آنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد سری لنکن کرکٹ بورڈ نے لاہیرو تھری مانے کو ون ڈے اور داسن شناکا کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا کپتان مقرر کردیا تھا۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان کے دورے سے انکار کرنے پر تشارا پریرا اور وکٹ کیپر ڈک ویلا کو کیربیئن لیگ کھیلنے سے بھی روک دیا تھا۔

سری لنکا کی ٹیم پاکستان کے دورے میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلے گی۔

تینوں ون ڈے انٹرنیشنل کراچی میں 27، 29 ستمبر اور دو اکتوبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ لاہور 5، 7 اور 9 اکتوبر کو ہونے والے تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی کرے گا۔

سری لنکا کی ٹیم دو سال میں دوسری مرتبہ پاکستان کے دورے پر آرہی ہے۔

اس سے قبل اس نے اکتوبر 2017 میں لاہور میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلا تھا۔

واضح رہے کہ یہ سری لنکن کرکٹ ٹیم ہی ہے جس پر مارچ 2009 میں لاہور میں شدت پسند حملہ ہوا تھا جس میں چھ پولیس والے اور دو شہری ہلاک ہوگئے تھے اور سری لنکن کرکٹر تھلن سماراویرا بھی زخمی ہوئے تھے جس کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کا سلسلہ منقطع ہوگیا تھا۔

اس واقعے کے بعد 2015 میں زمبابوے کی ٹیم نے لاہور میں ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کھیلی تھی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی انٹرنیشنل کرکٹ پاکستان واپس لانے کی کوششوں کے نتیجے میں ورلڈ الیون، ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کی ٹیمیں پچھلے دو برسوں کے دوران پاکستان آچکی ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان سپر لیگ کے بھی متعدد میچز پاکستان میں ہوچکے ہیں جن میں تین فائنلز بھی شامل ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32291 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp