انڈیا: مودی اقوام متحدہ میں کشمیر کا ذکر نہیں کریں گے


انڈیا نے کہا ہے کہ اس مہینے کے آخر میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزیراعظم نریندر مودی کشمیرکا ذکر نہیں کریں گے۔ 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی میں مودی کی تقریر ماحولیات میں تبدیلی اور دوسرے بین الاقوامی معاملات پر مرکوز ہوگی۔

جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر وزیراعظم نریندر مودی کے امریکہ کے دورے کی تفصیلات پر ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خارجہ سکریٹری وجے گوکھلے نے کشمیر کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ‘ آرٹیکل 370 تو ایک اندرونی معاملہ ہے اور اس پر اقوام متحدہ میں ذکر نہیں ہوگا ۔ ہم اس پر چرچا نہیں کریں گے ۔’

جب ان سے پوچھا گیا کہ پاکستان کے وزیراعظم جنرل اسمبلی میں کشمیر کا معاملہ اٹھائیں گے توانڈیا کا کیا جواب ہوگا تو انھوں نے کہا کہ ‘ اقوام متحدہ میں پاکستان کیا کہنے والا ہے میں اس کے بارے میں تبصرہ نہیں کر سکتا۔ اگر پاکستان کے وزیراعظم کشمیر کے سوال پر بولنا چاہتے ہیں تو وہ بولیں ان کا خیرمقدم ہے ۔’

مزید پڑھیے

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر پر انڈیا کا بیان مسترد

’انڈین حکومت کشمیر میں جلد از جلد عام حالات بحال کرے’

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم نریندرمودی انہیں سوالوں پر اپنی تقریر کو مرکوز کریں کریں گے جو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اس اعلیٰ پلیٹ فارم کے لیے مقصود ہیں۔’ دنیا کی ایک اہم معیشت، ایک اہم ملک اور اقوام متحدہ کے ایک ذمے دار ملک کی حیثیت سے، وزیراعظم عالمی ترقی، سلامتی اور امن کے معاملوں پر اپنی توجہ مرکوز کریں گے اور دنیا کے دوسرے ممالک سے ہماری جو توقعات ہیں ان کا ذکر ہوگا۔’

وجے گوکھلے نے مزید کہا کہ ‘ہمارے بہت سارے معاملے ہیں، ترقی کے معاملے ہیں، ماحولیات میں تبدیلی کا ایشو ہے۔ اور بھی باہمی اور بین الاقوامی معاملات ہیں۔ ان میں دہشت گردی بھی ایک موضوع ہے لیکن اس پرفوکس نہیں رہے گا۔ اصل فوکس اس پر رہے گا کہ انڈیا کا ایک انٹرنیشنل پلیٹ فارم پر کیا کردار ہو سکتا ہے اور وزیر اعظم اس کے بارے میں اپنا ویژن پیش کریں گے۔’

جب ایک صحافی نے ان سے سوال کیا کہ کیا انڈیا اقوام متحدہ میں پاکستان میں ہندو اور دوسری مذہبی اقلیتوں پر ہونے والے مبینہ مظالم کا معاملہ اٹھائے؟

اس پر خارجہ سکریٹری نے جواب دیا ‘جہاں تک پاکستان میں اقلیتوں کا سوال ہے جب بھی اس طرح کے واقعات رونما ہوتے ہیں بھارت ان معاملات کو اٹھاتا ہے۔ وزیر اعظم اقوام متحدہ میں یہ سوال اٹھائیں گے یا نہیں یہ میں ابھی نہیں بتا سکتا ہوں لیکن یہ حقوق انسانی سے جڑا ہوا معاملہ ہے۔ جنرل اسمبلی میں جو جو تقریر ہوگی وہ عالمی کردار اورہماری توقعات پر مرکوز ہوگی۔’

وزیر اعضم نریندر مودی مرکزی وزرا، اہم شخصیات اور صنعت کاروں کے ایک بڑے وفد کے ساتھ آئندہ ہفتے کے اوائل میں امریکہ کے لیے روانہ ہوں گے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp