پرے ہٹ لو


پرے ہٹ لواس عید پر ریلیز ہونے والی محبت کی کہانی ہے جسے فلم کے ہدایت کار عاصم رضا نے جذبات کے رنگوں اور احساس کی تصویروں سے داستان کی شکل میں ڈھالنے کی کامیاب کوشش کی ہے۔ پرے ہٹ لو ان کی دوسری فیچر فلم ہے۔

پرے ہٹ لو کی کہانی کے مرکزی کردار امیر گھرانے کا ایک لڑکا شہریار (شہریارمنور) اور ماضی کے مشہور رائٹر فیصل کی بیٹی ثانیہ (مایا علی) ہیں۔ دونوں شادی کی ایک تقریب میں پہلی ہی نظر میں ایک مثالی رومانوی فلمی جوڑے کی طرح ایک دوسرے کی محبت میں گرفتار ہوجاتے۔ شہریار کا جنون اداکاری ہے جس کے لیے وہ اپنے باپ کے کاروبار یہاں تک کہ اپنی محبت کت ساتھ بھی فوری طور پر کسی قسم کا سمجھوتہ کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ مگر یہ محبت کب عشق میں تبدیل ہوئی اور جنون و عشق کی اس جنگ میں جیت کس کی ہوئی یہی پرے ہٹ لو کی کہانی ہے۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں زارا نور عباس، ندیم بیگ، حنا دلپذیر، راچیل وکاجی، فہیم عاصم، پریشے جیمز، جمی خان، شہباز شگری، فریحہ الطاف، یوسف بشیر قریشی، اور منورعالم صدیقی شامل ہیں۔

مایا علی نے اپنے مداحوں کو بتایا دیا ہے کہ اب ان کو ایک فلمی اداکارہ کے طور پرہی جانا جائے۔ پرے ہٹ لو میں انہوں نے بلاشبہ اسکرین کو اپنے قابو میں کرنے کا ہنر سیکھ لیا ہے۔ فلم میں مایا کے رقص میں بھی قدرے نکھار آیا ہے۔ شہریار منور کے فن میں ان کی ہر نئی فلم کے ساتھ پختگی آتی جارہی ہے۔ پرے ہٹ لو میں ایک جذباتی نوجوان کا کردار وہ بھرپور طریقے سے ادا کرتے نظر آرہے ہیں۔ احمد علی بٹ کسی بھی کردارمیں ڈھل جانے کی خصوصیت رکھتے ہیں۔ البتہ زارانور عباس نے اس سال ریلیز ہونے والی اپنی دونوں فلموں میں ثابت کیا ہے کہ وہ ایک نیچرل اداکارہ ہیں اور یکسوئی کے ساتھ کام کریں تو بہت لمبا سفر طے کرسکتی ہیں۔

پرے ہٹ لو کو معروف صحافی اور مصنف عمران اسلم نے تحریر کیا ہے۔ فلم میں کہیں کہیں کئی دوسری ہالی وڈ اور بالی وڈ فلموں کی جھلک نظر آتی ہے لیکن کہانی کی بنت منفرد ہے جس نے ایک عام سی کہانی کو فلم بینوں کے لیے خاص بنادیا ہے۔

عاصم رضا کا شمار پاکستان کے صف اول کے ہدایت کاروں میں ہوتا ہے جو ان گنت بین الاقوامی برانڈز کے لیے اشتہاری فلمیں بنانے کے علاوہ جنون جیسے بینڈ کی میوزک ویڈیوز بھی بناتے رہے۔ عاصم خوبصورتی کو کیمرے کی آنکھ سے دیکھنے میں خاصہ رکھتے ہیں۔ پرے ہٹ لو میں بھی انہوں نے مہارت کے ساتھ بہت سے ستاروں کو شاندار سیٹس پر لا کر ایک پر دھنک آسمان سجاد یا ہے۔ جبکہ پر اثر موسیقی اور رقص نے اس آسمان پر چار چاند بھی لگا دیے ہیں۔

جہاں عاصم نے اتنے ستاروں کو جمع کیا ہی وہیں پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان بھی فلم میں اپنے مشہور زمانہ ڈانس نمبر ’مورے سیاں‘ اور ایک مختصر مگر اہم کردار کے ساتھ جلوہ گر ہیں۔ ماہرہ خان عید پر ریلیز ہونے والی اپنی دونوں فلموں میں بہت مختلف انداز کے ساتھ نظر آئیں ہیں۔ فواد خان کے مداحوں کو ان کی نئی فلم کا بیتابی سے انتظار ہے مگر پرے ہٹ لو میں وہ ان کی تھوڑی سی جھلک دیکھ کرضرور محظوط ہوسکتے ہیں۔

پرے ہٹ لو کی موسیقی تازہ ہوا کے جھونکے کی طرح ہے۔ فلم میں کل چھہ گانے شامل ہیں اور تمام کی موسیقی ازان سمیع خان نے ترتیب دی ہے۔ جہاں ’ایک پل‘ اور ’ہائے دل بیچارہ‘ ایک ہلکے پھلکے انداز کے ساتھ دلوں کے تار چھیڑتے ہیں تو ’بلما بھگوڑا‘ کے متحرک بول اور موسیقی بنے ہی ایک ڈانس نمبر کے لیے ہیں۔ فلم میں راحت فتح علی خان کی آواز میں حضرت امیر خسرو کا مشہور زمانہ کلام ’زحال مسکین مکن تغافل‘ بھی شامل ہے۔

یقینا پرے ہٹ لو میں محبت سے محبت کرنے کا سبق پڑھایا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ لو کو پرے ہٹانا مشکل ہی نہیں نا ممکن ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).