پاکستانی ون ڈے ٹیم کا اعلان: افتخار، عابد، رضوان اِن، حفیظ، حسن آؤٹ


عابد علی

عابدعلی جنھیں ورلڈ کپ کی ٹیم میں شامل کرنے کے بعد حیران کن طور پر ڈراپ کردیا گیا تھا، ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں

پاکستانی ٹیم کے چیف سیلیکٹر اور ہیڈ کوچ مصباح الحق نے سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔

ورلڈ کپ کھیلنے والی ٹیم میں شامل محمد حفیظ اور حسن علی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب نہیں ہوسکے جبکہ عابد علی، افتخار احمد، عثمان شنواری، محمد نواز اور محمد رضوان کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

یہ پہلی مرتبہ ہے کہ مصباح الحق نے بطور چیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم کا انتخاب کیا ہے۔

مزید پڑھیں

مصباح الحق پاکستان کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مقرر

مصباح الحق کے لیے وقت کم ہے اور مقابلہ سخت

پاکستانی اوپنر عابد علی کو سچن سے ملنے کی امید

سنیچر کے روز لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں مصباح الحق نے وضاحت کی کہ حسن علی کو کمر کی تکلیف کے باعث ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا۔

افتخار

مصباح کا کہنا ہے کہ افتخار احمد کی ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکاردگی اور آف سپن بولنگ ان کی ٹیم میں شمولیت کی وجہ بنی

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس سال محمد حفیظ کو سینٹرل کنٹریکٹ نہیں دیا تھا۔ بعد ازاں انھیں قومی ٹیم کے کیمپ میں بھی شامل نہیں کیا گیا تھا جس سے ان کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

تاہم مصباح الحق کا کہنا تھا کہ اس سیریز میں ایسے کھلاڑیوں کو موقع دیا جا رہا ہے جنھیں اس سے پہلے تسلسل کے ساتھ مواقع نہیں مل سکے۔ انھوں نے کہا کہ ’کسی کے لیے دروازہ بند نہیں کیا، دروازہ اب بھی کھلا ہے۔‘

عابد علی جنھیں ورلڈ کپ کی ٹیم میں شامل کرنے کے بعد حیران کن طور پر ڈراپ کردیا گیا تھا، ٹیم میں دوبارہ جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

افتخار احمد کی شمولیت سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے مصباح کا کہنا تھا کہ افتخار احمد کی ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکاردگی اور آف سپن بولنگ ان کی ٹیم میں شمولیت کی وجہ بنی۔

انھوں نے کہا کہ ’اس سے قبل افتخار کی ٹیم میں جگہ اس لیے نہیں بن پاتی تھی کیونکہ ان کے رول میں ہمارے پاس محمد حفیظ اور شعیب ملک جیسے کھلاڑی موجود تھے۔‘

حفیظ

افتخار احمد نے اب تک ایک ٹیسٹ ایک ٹی ٹوئنٹی اوردو ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے تاہم وہ آخری بار ون ڈے انٹرنیشنل چار سال پہلے 2015 میں انگلینڈ کے خلاف شارجہ میں کھیلے تھے۔

ورلڈ کپ میں خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھانے والے فخر زمان کو بھی ٹیم میں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مصباح کہتے ہیں کہ کسی کو دس میچوں کی فارم کی بنیاد پر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انھوں نے کہا ’اس وقت ان (فخر زمان) کی فارم کافی اچھی ہے۔‘

پاکستانی ون ڈے ٹیم ان 16 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے: سرفراز احمد ( کپتان ) امام الحق، عابدعلی، فخر زمان، بابراعظم، حارث سہیل، افتخار احمد، آصف علی، عماد وسیم، شاداب خان، محمد رضوان، محمد نواز، وہاب ریاض، محمد عامر، عثمان شنواری اور محمد حسنین۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان تینوں ون ڈے انٹرنیشنل کراچی میں 27 ستمبر، 29 ستمبر اور دو اکتوبر کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچز لاہور میں پانچ سات اور نو اکتوبر کو ہونگے۔

ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان ون ڈے سیریز کے دوران کیا جائے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp