انور سعید صاحب کے بیٹے! عزیز از جان گدھے


(ایک عظیم استاد اور فلسفی ڈاکٹر رادھا کرشنن کے یوم پیدائش کی مناسبت سے)

سکول میں جماعت ہشتم کے بورڈ کے امتحان کا نتیجہ آیا تو توقعات سے شاید بدتر تھا یا بہتر، یہ تو مجھے آج تک نہیں پتہ لیکن انتظامیہ نے یہ فیصلہ کیا کہ سکول میں اب نہم کے پانچ سیکشنز سے لائق فائق بچوں کو چھانٹ کر الگ کرنا ہے اور ان کا ایک الگ سیکشن بنانا ہے۔ ہر سیکشن میں کوئی اسی نوے بچے تھے۔ ان چار ساڑھے چار سو بچوں میں سے چالیس بچے الگ کیے گئے اور ایک خصوصی جماعت بنا دی گئ۔ یہ سیکشن ایف کہلایا۔

سیکشن ایف کے بچے ایک ہی دن میں سکول کے اسٹار بن گئے۔ سکول کے چنیدہ اساتذہ ان کی تربیت کے لیے منتخب کیے گئے تاکہ دو سال کی تیاری کے بعد یہ بچے جماعت دہم کے بورڈ کے امتحان میں بہترین نتائج لا سکیں۔ ان اساتذہ میں سے ایک کو سیکشن انچارج بنا کر اس ٹیم کی سربراہی سونپ دی گئی۔ یہ تھے انور سعید صاحب۔

انور سعید صاحب ایک پرانی ہنڈا ففٹی پر روز سکول آتے۔ اساتذہ اور طلبا میں ایک حفظ مراتب تھا۔ بے تکلفی کی نہ کوئی روایت تھی اور نہ ہمت اس لیے ان کے بارے میں کوئی زیادہ جانتا نہیں تھا۔ ایک بردبار اور شفیق چہرہ تھا جو روز وقت پر کلاس لینے آتا تھا۔ کنپٹیوں اور مونچھوں میں سفیدی سیاہی پر غالب آ رہی تھی۔ عینک کے شیشوں کے پیچھے سے ذہین آنکھیں جھانکتی تھیں۔ کم قیمت مگر اجلا لباس، ٹھہرا ٹھہرا لہجہ، شلوار قمیض کے نیچے پرانی مگر چمکتی ہوئی پشاوری چپل یا کبھی سیاہ بوٹ جو کثرت استعمال سے نوکوں سے کسی قدر گھس چکے تھے۔ پڑھاتے تو مضمون میں کھو سے جاتے۔ سوالوں کے جواب دیتے تو ایک شفیق سی مسکراہٹ ہونٹوں پر کھیلتی رہتی۔ انداز دل نشین تھے۔ اسلوب حسین تر تھا۔ ان کے پیریڈ کا انتظار رہتا تھا اور ختم ہونے پر جہاں ذہن سیر ہوتے وہاں دل میں ایک تشنگی سی ہوتی کہ کاش یہ آدھ گھنٹا کچھ اور طویل ہو پاتا۔ کبھی کبھی کسی بات پر کھلکھلا کر ہنس دیتے تو کمرہ جماعت روشن ہو جاتا۔

دسویں جماعت کے بورڈ کے امتحان میں کچھ ماہ رہ گئے تھے مگر ایف سیکشن کے طلباء کچھ شہزادے سے تھے۔ ان شہزادگان میں سے پھر ایک اور گروپ تھا کوئی دس بارہ لڑکوں کا جن سے پورے سکول نے امیدیں باندھ رکھی تھیں مگر اس گروپ کے رنگ نرالے ہوئے جاتے تھے۔ ہر دوسرے دن یہ گروپ سکول سے “یا مظہرالعجائب، گھنٹہ غائب” کے وزن پر اڑنچھو ہو جاتا۔ اکثر کرکٹ کھیلی جاتی یا شطرنج کی بازی بچھ جاتی۔ جب یہ دونوں کام نہ ہو رہے ہوتے تو میدان کے کنارے بیٹھ کر گپیں مارنا ہی مقصد حیات ٹھہرتا۔ لیکن اس بیچ بھی کسی میں یہ ہمت نہ تھی کہ انور سعید صاحب کا پیریڈ چھوڑا جاتا۔ ان سے ادب، محبت اور کہیں بھیتر چھپے ڈر کا رشتہ تھا۔ انور سعید صاحب کو لیکن سب خبر تھی کہ ہمارے لچھن کیا ہوتے جا رہے تھے۔ ایک دن پیریڈ ختم ہوا تو ہمیں روک لیا گیا- انور سعید صاحب نے ایک قطعیت کے ساتھ اعلان کیا کہ آج سے وہ سکول ختم ہونے کے بعد سے پورے سیکشن کو ٹیوشن پڑھائیں گے جس میں حاضری لازمی ہو گی۔

حکم حاکم کے آگے چوں چرا کی تو مجال نہیں تھی پر دل میں دو بال آ گئے۔ پہلا تو یوں کہ آزاد پنچھیوں کے پر کترے گئے تھے اور دوسرا یوں کہ انور سعید صاحب سے یہ توقع نہ تھی۔ سرکاری سکول کے اساتذہ کی تنخواہیں اونٹ کے منہ میں زیرے سے بھی کم تھی۔ اس لیے اکثر اساتذہ ٹیوشن پڑھا کر کچھ اضافی آمدنی کی سبیل کرتے تھے کہ جسم وجان کا رشتہ بنا رہے اور سفید پوشی کا بھرم قائم رہے۔ یہاں تک تو تعرض کی کوئی وجہ تھی نہ کوئی دلیل پر کچھ اساتذہ اس ضمن میں زور زبردستی سے کام لیتے تھے اور ان کی گڈ بکس میں رہنے کے لیے وہ بچے جنہیں کسی اضافی رہنمائی کی ضرورت نہ تھی انہیں بھی ٹیوشن پڑھنا پڑتی۔ انور سعید صاحب کی ٹیوشن بھی اسی جبری بھرتی کا ضمیمہ معلوم ہوئی۔ ہم سارے ایک تو بزعم خود بہت ذہین تھے پھر منتخب روزگار کے نہ سہی پر سکول کے جہان میں مثل آفتاب سمجھے جاتے تھے۔ اس وقت پتہ نہ تھا کہ سکول کی دنیا کنویں کی دیواروں سے بھی مختصر ہے پر ابھی آتش بہت نوجوان تھا۔ تو یقین تھا کہ ٹیوشن کی چنداں ضرورت نہیں ہے۔ اب اس زبردستی کی ٹیوشن جو کہ دسیوں بچوں پر تھوپ دی گئی تھی کی یہی ایک تفہیم نظر آئی کہ اس سے انور صاحب کی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ ہونے والا تھا اور بہانہ اضافی تیاری کا اور خصوصی توجہ کی ضرورت کا تھا۔ اس زمانے میں اور آج بھی سرکاری مدارس میں یہ چلن عام ہے کہ زبردستی کی ٹیوشن پڑھائی جاتی ہے پر جناب انور سعید سے یہ توقع نہ تھی کہ من ہی من میں ہم نے ان کا ایک بہت آدرشی بت تراش لیا تھا۔

خیر اسی دن سے سکول کے بعد دو تین گھنٹے کی نئی بیگار شروع ہو گئی۔ باوجود اس کے کہ شہزادگان میں سے کوئی اس ٹیوشن پر خوشی سے نہیں آتا تھا پر اس میں کلام نہیں تھا کہ انور سعید صاحب پتھر پانی کرنے پر تلے تھے۔ ایک ایک سبق کئی زاویوں سے کھودا جاتا۔ نت نئے پہلو کریدے جاتے۔ پیریڈ کے آدھ گھنٹے کی قید نہیں تھی اس لیے جب تک استاد گرامی کو طمانیت قلب نصیب نہ ہوتی، ہماری جان پھنسی رہتی۔ انور سعید صاحب کی طبعیت میں ایک خاص قسم کی شفقت تھی۔ یوں لگتا تھا کہ بدھا نروان کی منزل سے پڑھا رہا ہے۔ پر کبھی کبھی ہم میں سے کوئی اپنی اعلی النسل بے وقوفی کے باعث انہیں زچ کر کے غصہ دلانے میں کامیاب ہو جاتا تو عینک کے پیچھے سے نگاہیں جما دانت بھینچ سر دائیں بائیں ہلاتے اور پھر آہستہ سے کہتے ” او بیٹے، او عزیز از جان گدھے”۔ بس یہ ان کے غصے کی انتہا تھی۔

مزید پڑھنے کے لئے اگلا صفحہ کا بٹن دبائیے 

حاشر ابن ارشاد

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

صفحات: 1 2

حاشر ابن ارشاد

حاشر ابن ارشاد کو سوچنے کا مرض ہے۔ تاہم عمل سے پرہیز برتتے ہیں۔ کتاب، موسیقی، فلم اور بحث کے شوقین ہیں اور اس میں کسی خاص معیار کا لحاظ نہیں رکھتے۔ ان کا من پسند مشغلہ اس بات کی کھوج کرنا ہے کہ زندگی ان سے اور زندگی سے وہ آخر چاہتے کیا ہیں۔ تادم تحریر کھوج جاری ہے۔

hashir-irshad has 183 posts and counting.See all posts by hashir-irshad

Subscribe
Notify of
guest
3 Comments (Email address is not required)
Oldest
Newest Most Voted
Inline Feedbacks
View all comments