امپورٹ بند کریں چاہے بزنس بیٹھ جائے


وہ بحر ابد کی تہہ سے ابھرے گا اور شہزادوں کو شہزادوں سے لڑوائے گا۔ وہ ولیوں سے جنگ کرے گا اور صرف وہ لوگ خریدوفروخت کر سکیں گے جن پر اس درندے کا نشان ہو گا (کلام مقدس) کل ایک بزنس مین ملنے آئے جنہیں میں فئیر گیم کی وجہ سے جانتا ہوں اور بہت عزت کرتا ہوں۔ ایک سال پہلے چھوٹا سا یونٹ لگانا چاہتے تھے اور کہنا یہ تھا کہ اب کاروبار کے ساتھ ساتھ سو پچاس خاندانوں کے رزق کا وسیلہ بننا چاہتا ہوں۔ لیکن اب مشورہ کرنے آئے تھے کہ کیا سب کچھ بیچ کر بیرون ملک نکل جاؤں

وجہ پوچھی کہ آپ کے خیالات بہت بلند تھے یہ اچانک کیا ہوا۔ کہنے لگے میں نے ولیوایڈیشن کے کچھ کیمیکل منگوائے تھے جن پر ڈیجیٹل انک کی ڈیوٹی لگ گئی عوام کی آسانی کے لیے ایسے سمجھ لیں کہ سائیکل کے پہیوں کو یہ کہہ کر ایولیو ایٹ کیا جا رہا ہے کہ یہ ٹرک میں استعمال ہوں گے۔ اب تین ماہ کی دوڑ دھوپ کے بعد آخر کار رشوت دینے پر تیار ہوئے۔ اب معاملہ حل ہوا تو سرکاری اہلکار نے رعونت سے کہا یہ آپ تین مہینے پہلے کر لیتے آپ کبھی جج کی کبھی اسلام آباد سے سفارش کروا رہے تھے آپ نے میرا کیا پٹ لیا۔

معافی تلافی کے بعد جب سر جھکا کر بیٹھ گئے تو سرکاری اہلکار کو ترس آیا اور بتانے لگا حکومت کا آرڈر ہے کہ امپورٹ کی حوصلہ شکنی کی جائے اور دبا کر جائز نا جائز ڈیوٹی لگائی جائے۔ میرے دوست نے حیران ہو کر پوچھا کہ جو اشیا انڈسٹری کا پہیہ چلانے کے لئے ضروری ہیں وہ اگر نہ آئیں گے تو انڈسٹری کا بیڑہ غرق ہو جائے گا اور ملک مزید بحران میں آ جائے گا۔ اس سرکاری اہلکار نے ملک نا قابل اشاعت جگہ پر گھسانے کا کہہ کر بات ختم کر دی۔

اب سوچنے کی بات یہ ہے کہ یا تو عمران خان اینڈ کمپنی انتہائی نا تجربہ کار ہے اور بہت ہی نا قابل عمل فیصلے کر رہے ہیں یا ان کے فیصلوں پر بیوروکریسی غلط عمل درآمد کر کے عوام کو مزید ذلیل کر رہی ہے۔ جو مرضی اعداد و شمار میرے پی ٹی آئی کے دوست پیش کر دیں میرا واسطہ ولی بزنس مینوں سے لے کر کرپٹ ترین بزنس مینوں سے پڑتا ہے اور ایک سال پہلے یہ پر امید تھے اور اب تقریباً حوصلہ ہار بیٹھے ہیں۔ یہ عمومی رویہ ہے جس کا ذمہ دار ہر صورت میں عمران خان ہے۔

کیا فئیر پلے کرنے والے بزنس مینوں سے گفت و شنید کے بعد پالیسیاں نہیں بنائی جا سکتیں؟ اسد عمر ایک بہترین آپشن ہیں اور اسے تین ماہ کے لیے ریڑھی والے سے لے کر مل مالک تک تمام لیول کے بزنس مینوں سے مذاکرات کے بعد کوئی قابل عمل حل پر کیوں نہیں لگایا جا رہا اور اگر بیوروکریسی کوئی رکاوٹ ڈال رہی ہے تو سیاسی لوگ ون ونڈو آپریشن بنا کر اس کا توڑ کیوں نہیں کر رہے۔

یا عمران خان کو قوم کو ایمانداری سے بتا دینا چاہیے کہ دور دجال ہے اب وہی خریدو فروخت کرے گا جو درندے سے نشان لگوا لے گا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).